بنگلورو، 10 اکتوبر (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے آن لائن سٹے بازی ریکیٹ کی جاری تحقیقات کے سلسلے میں کرناٹک کانگریس کے ایک ایم ایل اے کے دو لاکروں سے 40 کلو سونا ضبط کیا ہے ۔ سونے کی مالیت 50 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے ۔ ای ڈی حکام کے مطابق تلاشی مہم بنگلور کے علاقائی دفتر کی طرف سے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے ) 2002 کے تحت چلائی گئی۔ اس برآمدگی کے ساتھ، اس معاملے میں ضبط کی گئی کل رقم 150 کروڑ روپے سے زیادہ ہوگئی ہے ، جس میں پہلے سے ضبط کی گئی تقریباً 21 کلو سونے کی سلاخیں، نقد رقم، زیورات، لگژری کاڑیاں اور منجمد شدہ بینک اکاؤنٹس شامل ہیں۔ چتردرگ اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے ویریندر کو اس سال اگست میں گرفتار کرلیا گیا تھا اور تب سے وہ عدالتی حراست میں ہیں۔ ای ڈی کی تحقیقات نے کنگ 567 اور راجہ 567 جیسے کئی آن لائن پلیٹ فارمس کے ذریعہ چلائے جانے والے 2,000 کروڑ روپے کے بیٹنگ نیٹ ورک کا پتہ لگایا ہے ۔ اپنے بیان میں، ای ڈی نے کہا کہ وریندر نے اپنے دوستوں اور کنبہ کے افراد کے ساتھ مل کر کئی غیر قانونی سٹے بازی کی ویب سائٹس چلائیں اور معصوم لوگوں کو ٹھگا۔ ان پلیٹ فارمز سے جمع کیے گئے فنڈز فون پیسہ سمیت متعدد گیٹ ویز کے ذریعہ بھیجا گیا اور ہندوستان بھر میں ثالثیوں سے ملے ہزاروں ’میول‘ اکاؤنٹس کے ذریعہ منتقل کیاگیا۔ تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ سٹے بازی سے حاصل ہونے والی رقم کا استعمال بیرون ملک میں لگژری سفر، ویزوں اور مہمان نوازی کی خدمات کے لیے کیا گیا۔ ایجنسی نے کہا کہ مارکیٹنگ، سرچ انجن آپٹیمائزیشن، بلک ایس ایم ایس کیمپن اور پلیٹ فارم ہوسٹنگ کیلئے ادائیگیاں بھی بیٹنگ نیٹ ورک سے منسلک اکاؤنٹس کے ذریعہ کی گئیں۔ ای ڈی نے کہا کہ ثبوت سے پتہ چلتا ہے کہ غیر قانونی آن لائن سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی رقوم کو ان کے ذرائع کو چھپانے کیلئے متعدد درمیانی اکاؤنٹس کے ذریعہ منتقل کیا گیا تھا۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ وریندر اور اس کے ساتھیوں سے منسلک مجرمانہ آمدنی کے ذرائع کا پتہ لگانے اور اضافی اثاثوں کی نشاندہی کرنے کے لیے کام کر رہا ہے ۔