ایم ایل اے ۔ کلکٹر تنازعہ، عہدیداروں کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات

   

بھوپال، 30 اگست (یواین آئی) مدھیہ پردیش کے ضلع بھنڈ میں بی جے پی کے ایم ایل اے نریندر سنگھ کشواہا اور کلکٹر سنجیو شریواستوا کے درمیان تین دن قبل ہوئی نوک جھونک کے معاملے میں جہاں ایک طرف پارٹی کی ریاستی قیادت نے نوٹس لیا ہے ، وہیں انتظامی عہدیداروں کے ایک وفد نے بھی وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو سے اس بدسلوکی کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایم ایل اے مسٹر کشواہا کو کل پارٹی کے ریاستی صدر ہیمنت کھنڈیلوال نے دارالحکومت بھوپال بلاکر انہیں نظم و ضبط برقرار رکھنے کی تلقین کی۔ ان سے کہا گیا کہ وہ پارٹی کی روایت کو برقرار رکھیں اور صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں۔ دریں اثنا کل دیر شام آئی اے ایس ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو سے ملاقات کی اور ان سے اس معاملے میں کارروائی کرنے کی درخواست کی۔ وزیر اعلیٰ کے نام اپنے خط میں وفد نے کہا کہ ضلع کلکٹر ضلعی سطح پر حکومت کی نمائندگی کرتا ہے ۔ کلکٹر کی توہین نہ صرف ان کی بلکہ پوری حکومتی مشینری کی اتھارٹی کی توہین ہے ۔ اسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے میں قانون کے مطابق مناسب کارروائی کریں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہ ہوں نیز فیلڈ افسران کے وقار، آزادی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے واضح رہنما خطوط جاری کرنے کی بھی درخواست کی۔