ایم ایل سی الیکشن میں برسر اقتدارپارٹی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی مرتکب

   

الیکٹورل آفیسر سے کانگریس قائدین کی ملاقات، کویتا اور دوسروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔22۔ مئی(سیاست نیوز) کانگریس قائدین کے ایک وفد نے آج چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سے ملاقات کی اور نظام آباد ضلع میں مجالس مقامی کی ایم ایل سی نشست کے انتخابات میں برسر اقتدار پارٹی کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت کی ۔ کانگریس نے ریاستی وزیر پرشانت ریڈی ، رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل ، گورنمنٹ وہپ بی گوردھن اور دیگر ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ رکن پارلیمنٹ ملکاجگیری اے ریونت ریڈی ، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر ، نظام آباد میں ایم ایل سی امیدوار وی سبھاش ریڈی اور زیڈ پی ٹی سی رکن این موہن ریڈی نے چیف الیکٹورل آفیسر کو یادداشت پیش کرتے ہوئے شکایت کی کہ برسر اقتدار پارٹی کھلے عام انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ ایم ایل سی نشست کیلئے چیف منسٹر کی دختر کویتا میدان میں ہیں ، لہذا کسی بھی صورت میں کامیابی حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ نظام آباد ضلع کے کابینی وزیر پرشانت ریڈی اور ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی دیگر پارٹیوں کے مقامی عوامی نمائندوں کی خرید و فروخت میں مصروف ہیں۔ غیر قانونی طریقہ سے دولت کا لالچ دے کر کانگریس کے کونسلرس ، ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی ارکان کو ٹی آر ایس میں شامل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کویتا کے خلاف رائے دہی کو روکنے کیلئے اپوزیشن کے مقامی عوامی نمائندوں کو ٹی آر ایس میں شمولیت کیلئے مجبور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمولیت اختیار نہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکی دی جارہی ہے ۔ کانگریس نے شکایت کی کہ موجودہ حالات میں آزادانہ و منصفانہ انتخابات ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورز یوں سے متعلق اخباری تراشے پیش کئے۔ چیف الیکٹورل آفیسر سے درخواست کی گئی کہ وہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ٹی آر ایس امیدوار کویتا اور وزراء اور عوامی نمائندوں کے خلاف کارراوئی کریں۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے شکایت کا جائزہ لینے کا تیقن دیا۔