ایم ایل سی الیکشن میں مجلس سے بی آر ایس اور کانگریس کا ساز باز، مرکزی وزیر کشن ریڈی کا الزام

   

حیدرآباد۔/18 اپریل، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس اور کانگریس مجالس مقامی ایم ایل سی نشست کے الیکشن میں مجلسی امیدوار کی کامیابی میں مدد کررہے ہیں تاکہ بی جے پی کو شکست دی جائے۔ کشن ریڈی مجالس مقامی ایم ایل سی نشست کے انتخابات کے سلسلہ میں حیدرآباد کے پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کانگریس اور بی آر ایس کی جانب سے الیکشن میں حصہ نہ لینے پر تنقید کی اور کہا کہ دونوں پارٹیاں خاموشی سے مجلس کی مدد کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تینوں پارٹیوں میں خفیہ مفاہمت ہوچکی ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ اگر تلنگانہ کے عوام فوری چوکسی اختیار نہ کریں تو حیدرآباد میں دوبارہ رضاکاروں کا دور واپس آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں اکثریتی طبقہ کے افراد کو مجلسی قائدین کی جانب سے ہراسانی کے واقعات پیش آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور بیداری کے تحت بی جے پی نے ایم ایل سی نشست پر مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے۔ کامیابی یا ناکامی ہمارا مقصد نہیں بلکہ حیدرآباد کو بچانے کیلئے بی جے پی سرگرم ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو فنڈز کی عدم اجرائی کا الزام عائد کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ فنڈز کی کمی کے باعث جی ایچ ایم سی اسٹریٹ لائٹس خریدنے سے قاصر ہے۔1