کے ٹی راما راؤ کی اپیل ، تین اضلاع کے نمائندوں اور قائدین کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد: ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے لئے سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایم ایل سی انتخابات میں ان کی دختر وانی دیوی کو ٹی آر ایس نے امیدوار بنایا ہے۔ کے ٹی آر نے آج تلنگانہ بھون میں حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر کے عوامی نمائندوں اور پارٹی کے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے وانی دیوی کا تعارف کرایا۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے اپیل کی کہ ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کیلئے ابھی سے متحرک ہوجائیں۔ سکریٹری جنرل ٹی آر ایس ڈاکٹر کے کیشو راؤ ، ریاستی وزراء سرینواس یادو ، محمد محمود علی کے علاوہ ارکان اسمبلی نے اجلاس میں شرکت کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ وانی دیوی کی صلاحیتوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں منتخب کریں تاکہ طلبہ اور نوجوانوں کے مسائل کی یکسوئی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کے خاندان کا احترام کرتے ہوئے ان کی دختر کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ وانی دیوی ماہر تعلیم کے علاوہ رضاکارانہ تنظیم کے ذریعہ سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں اہم رول ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی وی نرسمہا راؤ تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے سماجی اور معاشی سطح پر کئی اصلاحات کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2004 سے 2014 تک کانگریس حکومت نے محض 24,000 جائیدادوں پر تقررات کئے تھے۔ نئی ریاست کے قیام کے بعد ٹی آر ایس حکومت نے ایک لاکھ 32 ہزار 799 روزگار فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے ساتھ ٹی آر ایس نے انصاف کیا ہے ۔ وکلاء کی بھلائی کیلئے 100 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی امیدوار رام چندر راؤ کو وضاحت کرنی چاہئے کہ مرکز سے کتنا فنڈس حاصل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اور نوجوانوں کی ترقی صرف ٹی آر ایس سے ممکن ہے جبکہ بی جے پی کو ووٹ دینا بے فیض ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے تنظیم جدید قانون میں کئے گئے وعدوں سے انحراف کرلیا ہے ۔ کے ٹی آر نے سوال کیا کہ تلنگانہ کیلئے بی جے پی نے کیا کیا جس کی بنیاد پر اسے ووٹ دیا جائے۔ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں بی جے پی ناکام ہوچکی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سرکاری ملازمین کیلئے ٹی آر ایس حکومت نے پی آر سی سفارشات پر عمل کیا تھا ، اب نئی سفارشات پر جلد فیصلہ کیا جائے گا ۔ کے ٹی آر نے حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر اضلاع کی انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ اسی دوران وانی دیوی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دعوت پر انہوں نے ٹی آر ایس کی امیدواری قبول کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خون میں عوامی خدمت کا جذبہ بدرجہ اتم موجود ہیں۔ تعلیمی اداروں کے ذریعہ 35 سال تک خدمات انجام دی ہوں۔ میں طلبہ اور نوجوانوںکے مسائل کو اچھی طرح سمجھ سکتی ہوں اور منتخب ہونے کے بعد میں توقعات کے مطابق کام کروں گی۔