ایم ایل سی انتخابات میں وزراء کی جانب سے رائے دہندوں کو دھمکیوں کی شکایت

   


انتخابی ضابطہ اخلاق نظرانداز، اتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس قائدین رائے دہندوں کو مختلف لالچ دے کر ٹی آر ایس کی تائید کیلئے مجبور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی پرواہ کئے بغیر سرکاری مشنری اور دولت کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ تاکہ کسی بھی صورت میں ٹی آر امیدواروں کو کامیاب کیا جائے ۔ ٹی آر ایس قائدین دونوں حلقہ جات میں تمام غیر قانونی اور غیر جمہوری حربے استعمال کرتے ہوئے رائے دہندوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاستی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کئی مقامات پر رائے دہندوں کو دھمکاتے ہوئے پائے گئے ۔ اگر انہوں نے ٹی آر ایس کو ووٹ نہیں دیا تو سنگین نتائج کا سامنا ہوگا۔ رائے دہندوں سے زبردستی قسم لی جارہی ہے جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے فوری مداخلت کرتے ہوئے کارروائی کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی خاموشی سے عوام کے ذہنوں میں کئی شبہات پیدا ہورہے ہیں ۔ اور آزادانہ و منصفانہ رائے دہی کے امکانات موہوم ہیں۔ انہوں نے شبہ کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن اور ٹی آر ایس کے درمیان ملی بھگت ہے۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ وزراء کی جانب سے ٹیچرس یونینوں کو برسر اقتدار پارٹی کی تائید نہ کرنے پر کارروائی کی کھلے عام دھمکی دی جارہی ہے۔ ٹی آر ایس قائدین غیر اخلاقی اور غیر جمہوری حرکتوں کے ذریعہ گریجویٹ رائے دہندوں کی توہین کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام گریجویٹ رائے دہندوں کو رائے دہی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے اور ٹی آر ایس اور بی جے پی حکومتوں کو سبق سکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی بیروزگاری اور سرکاری ملازمین کے مسائل کو انتخابی موضوع بنارہی ہے ۔ کانگریس ان دونوں کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کرے گی اور دونوں حکومتوں پر دباؤ بنایا جائے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو سرکاری ملازمین اور بیروزگار نوجوانوں سے ووٹ مانگنے کا اخلاقی حق نہیں ہے کیونکہ حکومت وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کے ٹی راما راؤ کی جانب سے برہمن سماج کا اجلاس طلب کرنے پر اعتراض کیا اور کہا کہ اس طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایڈوکیٹ جوڑے کا حال ہی میں قتل کیا گیا ۔ انہوں نے صحافیوں کو امکنہ اراضی پر فراہم کرنے کے ٹی آر کے وعدے کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ گزشتہ 7 برسوں سے یہی وعدہ دہرایا جارہا ہے۔ پریس کانفرنس میں مینارٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل ، فشریز سیل کے صدرنشین متو سائی موجود تھے ۔