ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس کو پریشان کرنے کانگریس کی حکمت عملی

   

3 اضلاع میں آزاد امیدواروں کی تائید کا امکان، میدک اور کھمم میں کانگریس کے مقابلہ سے وزراء متحرک
حیدرآباد۔/30 نومبر، ( سیاست نیوز) مجالس مقامی کی 6 ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات میں کانگریس پارٹی اگرچہ صرف دو نشستوں پر مقابلہ کررہی ہے لیکن اس نے 4 نشستوں پر ٹی آر ایس کو سیاسی طور پر پریشان کرنے کیلئے آزاد امیدواروں کی تائید کا منصوبہ بنایا ہے۔ ریاست میں مجالس مقامی کی 12 ایم ایل سی نشستوں کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جن میں سے 6 نشستوں پر بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا جبکہ 6 نشستوں کیلئے 10 ڈسمبر کو رائے دہی مقرر ہے۔ کانگریس پارٹی میدک اور کھمم اضلاع کی نشستوں سے مقابلہ کررہی ہے جہاں مجالس مقامی میں اس کے نمائندوں کی مناسب تعداد موجود ہے۔ کانگریس کے مقابلہ کی صورت میں ٹی آر ایس کو کراس ووٹنگ کا خطرہ لاحق ہوچکا ہے اور پارٹی نے کیمپس کے انعقاد کا آغاز کردیا تاکہ اپنے ووٹرس کو بھٹکنے سے روکا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ میدک اور کھمم میں ریاستی وزراء نے توجہ مرکوز کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے عوامی نمائندوں کے لئے تفریح کا پروگرام بنایا ہے۔ گوا ، میسور، آگرہ اور اوٹی جیسے مقامات کیلئے مجالس مقامی کے نمائندوں کی ٹیمیں ارکان اسمبلی و کونسل کی نگرانی میں روانہ کی گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ برسراقتدار پارٹی خود اپنے ہی ووٹرس کو 2 تا 3 لاکھ روپئے بطور تحفہ پیش کررہی ہے۔ کونسلرس، کارپوریٹرس، ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی ارکان کو رائے دہی کا حق حاصل ہے۔ کانگریس پارٹی نے کھمم اور میدک کے علاوہ عادل آباد، کریم نگر اور نلگنڈہ میں آزاد امیدواروں کی تائید کی منصوبہ بندی کی ہے تاکہ ٹی آر ایس کو سیاسی طور پر کمزور کیا جاسکے۔ آزاد امیدواروں کا تعلق سابق میں ٹی آر ایس سے رہ چکا ہے اور باغی امیدوار پارٹی کیلئے درد سر بن چکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس نے عادل آباد میں آزاد امیدوار کی تائید کا فیصلہ کیا ہے جبکہ نلگنڈہ اور کریم نگر کے بارے میں فیصلہ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ کریم نگر میں ٹی آر ایس کو باغی امیدوار سے سخت مقابلہ درپیش ہوسکتا ہے جو سابق میئر رہ چکے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے مشاورت کے بعد آزاد امیدواروں کی تائید کے بارے میں کوئی اعلان کیا جاسکتا ہے۔ کریم نگر میں ٹی آر ایس کے باغی امیدوار رویندر سنگھ کی ایٹالہ راجندر نے تائید کا اعلان کیا ہے۔ ایسے میں کانگریس کیلئے تائید کا اعلان آسان نہیں ہوگا۔ اسی دوران 6 ایم ایل سی نشستوں کے جملہ رائے دہندوں کی تعداد 5326 ہے جن میں سے مرد 2329 اور خواتین 2997 ہیں۔ عادل آباد ، میدک، نلگنڈہ اور کھمم کے علاوہ کریم نگر میں 2 نشستوں پر چناؤ ہوگا۔ر