حیدرآباد: گریجویٹ ایم ایل سی نشست کیلئے کانگریس امیدوار راملو نائک نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، نلگنڈہ اور ناگرجنا ساگر کے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق اپوزیشن لیڈر کے جانا ریڈی نے کئی ایک آبپاشی پراجکٹ کا آغاز کیا ہے لیکن کے سی آر اسے ٹی آر ایس کا کارنامہ قرار دے رہے ہیں ۔ ناگرجنا ساگر کے ضمنی چناؤ کے پیش نظر چیف منسٹر نے کئی اعلانات کئے ہیں۔ جانا ریڈی کے دور میں ایک لاکھ سے زائد ایکر اراضی کو پانی سیراب کیا گیا تھا۔ انہوں نے آبپاشی پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا اور کہا کہ قومی فینانس کمیشن نے بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے ناگرجنا ساگر میں گریجنوں کے مسائل کو نظر انداز کردیا ہے۔ راملو نائک نے کہا کہ ایم ایل سی انتخابات میں دونوں نشستوں پر کانگریس پارٹی کی کامیابی یقینی ہے۔