ایم ایل سی انتخابات پر چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس

   

حیدرآباد 20 نومبر ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج ریاستی وزراء اور پارٹی قائدین کے ساتھ مجالس مقامی کوٹہ کے تحت ہونے والے ایم ایل سی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا ۔ سمجھا جا رہا ہے کہ چیف منسٹر نے اس اجلاس میں ایم ایل سی انتخابات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے ۔ ایم ایل اے کوٹہ کے تحت چیف مسنٹر چھ امیدواروں کا اعلان کرچکے ہیں جبکہ مجالس مقامی کوٹہ کے تحت انتخابات کیلئے چیف منسٹر کامیابی کے اہل امیدواروں کا اعلان کریں گے ۔ کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر نے ٹی آر ایس کے طاقتور امیداوروں کے تعلق سے ایک رپورٹ منگوائی ہے تاکہ وہ عوام سے رجوع ہوتے ہوئے شدت سے مہم چلا سکیں۔ کے سی آر جلدی ہی مجالس مقامی کوٹہ کے تحت امیدواروں کے ناموں کا بہت جلد اعلان کرسکتے ہیں۔ مجالس مقامی کوٹہ کے تحت 12 نشستوں کیلئے انتخابات ہونے والے ہیں۔ انہوں نے وزراء اور دوسرے قائدین کو ہدایت دی کہ ٹی آر ایس کی کامیابی کیلئے وہ کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ قائدین مقامی مسائل پر توجہ کرتے ہوئے کامیابی کی کوشش کرینگے ۔ مجالس مقامی کوٹہ کے تحت انتخابات کا اعلامیہ جاری کیا جاچکا ہے اور پرچہ جات کی جانچ کا کام 23 نومبر کو ہوگا ۔ حیدرآباد کے سواء ریاست کے تمام سابقہ اضلاع میں ایم ایل سی انتخابات ہونگے ۔ چیف منسٹر نے اجلاس میںحکمت عملی پر غور کیا ہے ۔