ایمپلائیزیونین قائدین کو چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ کا تیقن
حیدرآباد : ایم ایل سی انتخابات کے فوری بعد پی آر سی کا اعلان کیا جائے گا۔ یہ بات ایمپلائیز یونین کے قائدین نے بتائی جو آج یہاں میڈیا سے مخاطب تھے۔ چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات اور تفصیلی بات چیت کے بعد یونین قائدین نے اطمینان کا اظہار کیا اور بتایا کہ انھیں حکومت پر پورا بھروسہ ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب فوری اعلان سے گریز کیا گیا تاہم چیف منسٹر نے اس بات کا یقین دلایا کہ ملازمین کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی نہیں ہوگی۔ یونین قائدین نے کہاکہ انھیں چیف منسٹر کے تیقن پر مکمل اعتماد ہے۔ یونین قائدین نے کہاکہ اجلاس خوشگوار انداز میں جاری تھا اور چیف منسٹر نے پی آر سی پر اطمینان بخش ردعمل ظاہر کیا۔ چیف منسٹر نے الیکشن کوڈ کے سبب اعلان سے گریز کیا۔ اور اس بات کا بھروسہ دلایا کہ الیکشن کے فوری بعد پی آر سی کا باضابطہ اعلان ہوگا۔ سال 2014 ء کے بعد ملک میں ریاست تلنگانہ ہی وہ واحد ریاست ہے جس نے سب سے زیادہ پی آر سی جاری کیا۔ ساتھ ہی ملازمین کو ترقی کے عمل پر بھی فوری اقدامات کئے گئے۔ یونین قائدین نے بتایا کہ آندھراپردیش میں برسرکار تلنگانہ کے ملازمین اپنی آبائی ریاست واپس لانے کیلئے چیف منسٹر نے رضامندی ظاہر کی اور بتایا کہ اس سلسلہ میں عہدیداروں کو احکامات جاری کردیئے گئے۔ ساتھ ہی سی بی ایس ملازمین کے خاندانوں کو پنشن اسکیم کی عمل آوری کی جائے گی۔