ریاستی کانگریس کو مزید استحکام حاصل ہوگا، محمد مبین پاشاہ ایڈوکیٹ کا بیان
کورٹلہ۔ 7 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد مبین پاشاہ سینئر ایڈوکیٹ کورٹلہ نے سیاست نیوز کورٹلہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت کی جانب سے جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کو ایم ایل سی نامزد کئے جانے پر تلنگانہ کے مسلمانوں میں اُمید کی کرن پیدا ہوئی تھی کہ چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی، ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں کی ہردلعزیز شخصیت جناب عامر علی خاں ایم ایل سی کو کابینہ میں شامل کرتے ہوئے کانگریس کے تعلق سے مسلمانوں میں جو ناراضگی پیدا ہوئی ہے، اسے دُور کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے اقتدار میں آئے، تقریباً 20 ماہ کا عرصہ ہورہا ہے۔ کابینہ میں منتخب مسلم قائد نہ ہونے کے سبب اسمبلی میں مسلمانوں کے مسائل پر آواز اُٹھانے والا کوئی نہیں ہے جس کی وجہ سے مسلمانوں کے مسائل کی یکسوئی نہیں ہوپارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی کابینہ میں آبادی کے تناسب سے ہر طبقہ کے قائد کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ریاستی انتخابات میں کانگریس، بی آر ایس کا کوئی بھی مسلم امیدوار کے منتخب نہ ہونے کے سبب تلنگانہ اسمبلی میں مسلمانوں کے مسائل پر جس طرح شدت کے ساتھ اٹھائے جانے چاہئے تھے، اس طرح اٹھائے نہیں جارہے ہیں۔ ریاست تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر کسی مسلم امیدوار کے منتخب نہ ہونے کی وجہ سے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے تلنگانہ کے مسلمانوں کو قوی امید تھی کہ کانگریس جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جنہیں ایم ایل سی نامزد کیا گیا، انہیں کابینہ میں شامل کرتے ہوئے مسلمانان تلنگانہ کی امیدوں کو پورا کریں گے۔ واضح رہے کہ جناب عامر علی خاں روزنامہ سیاست و عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیراہتمام ملت کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں کئے جارہے اقدامات میں اپنا اہم رول انجام دیتے ہوئے تلنگانہ کے مسلمانوں میں اپنی منفرد پہچان بناچکے ہیں۔ کانگریس کی جانب سے ریاستی کابینہ میں جناب عامر علی خان کی عدم شمولیت سے جہاں تلنگانہ کے مسلمانوں میں ناراضگی پیدا ہوئی ہے، وہ دور ہوگی بلکہ ریاست میں کانگریس پارٹی کو استحکام بھی حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس پارٹی کے دور حکومت میں محمد محمود علی کو ایم ایل سی نامزد کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا قلمدان دیا گیا تھا جبکہ کانگریس پارٹی خود کے سکیولر ہونے کا دعویٰ کرتی ہے ۔ 20 ماہ کا عرصہ گذر جانے کے باوجود ریاستی کابینہ میں مسلم قائد کے نہ ہونے سے کئی سوالات کھڑے ہورہے ہیں۔ ریاستی کابینہ میں تلنگانہ کے مسلمانوں کی ہردلعزیز شخصیت جناب عامر علی خاں ایم ایل سی کو شامل کرتے ہوئے مسلمانوں میں کانگریس کے خلاف ناراضگی کو دور کرنے کی ریاستی حکومت، چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی سے خواہش کی جاتی ہے۔