ایم ایل سی نتائج، مستحکم حکمرانی کی عکاس

   

Ferty9 Clinic

ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی کی سیاست نیوز سے بات چیت

نرمل : متحدہ ضلع عادل آباد سے ڈی وٹھل بھاری اکثریت سے کونسل کے رُکن منتخب ہوگئے ۔آج نرمل سے ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی ، صدرنشین بلدیہ نرمل جی ایشور ، رام کشن ریڈی ، اراکین بلدیہ محمد سلمان ، ایم اے سلیم ، مجاہد چاؤش ، اقلیتی قائدین محمد جاوید کے علاوہ کئی پارٹی کارکن عادل آباد روانہ ہوئے تھے ۔ نتائج کے اعلان کے بعد نرمل سے سید جلیل ازہر اسٹاف رپوٹر روزنامہ سیاست نے ریاستی وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی سے فون پر بات چیت کی تو انھوں نے بتایا کہ آج ساری ریاست تلنگانہ کے تمام طبقات میں حکمراں جماعت کی کارکردگی کو لیکر ہر طبقہ مطمئن ہے یہی سبب ہے کہ آج بھاری اکثریت سے اراکین قانون ساز کونسلر ساری ریاست میں کامیاب ہوئے ۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ مخالفین پارٹی کی مسلسل تنقیدوں کے باوجود حکمراں جماعت کی کارکردگی ہی کا نتیجہ ہے کہ لوگ وزیراعلیٰ چندرشیکھر راؤ کی مستحکم قیادت سے کس قدر مطمئن ہیں۔ وزیرموصوف نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات کا آج کسی بھی ریاست میں تقابل نہیں کیا جاسکتا ۔ ریاست میں جو اسکیمات روبہ عمل لائی جارہی ہیں اس سے عوام کافی مطمئن ہیں۔ ٹی آر ایس نے مختلف انداز میں چاہے شادی مبارک ، لکشمی کلیان اسکیم ، وظائف ہوں یا آئمہ و موذنین کیلئے معاوضہ ہو بالخصوص کسان برادری کے لئے منفرد اسکیم رعیتو بندھو کے علاوہ کئی اسکیم پر عمل آوری کرتے ہوئے سنہرے تلنگانہ کی سمت گامزن ہے ۔ آئندہ دنوں میں بھی ریاستی حکومت ریاست کی شاندار ترقی کیلئے لائحہ عمل تیار کرتے ہوئے ریاست کے تمام طبقات کی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔