بی جے پی اور ٹی آر ایس نے عوام کو دھوکہ دیا، اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے دعویٰ کیا کہ گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں کے لئے کانگریس کی انتخابی مہم کو عوام کی غیر معمولی تائید حاصل ہورہی ہے اور دونوں حلقہ جات پر کانگریس امیدوار چنا ریڈی اور راملو نائک کی کامیابی یقینی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے حیدرآباد اور نلگنڈہ نشستوں کیلئے کانگریس امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے مختلف مقامات پر جلسوں سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف تنظیمیں بالخصوص ملازمین اور طلبہ تنظیموں نے کانگریس امیدواروں کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ 6 اضلاع میں کانگریس کی مہم عروج پر ہے اور حکومت کی پالیسیوں سے ناراض سرکاری ملازمین ، اساتذہ اور بیروزگار نوجوانوں نے کانگریس کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی محاذی تنظیمیں اور دیگر تنظیمیں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت نے سماج کے تمام طبقات کو مایوس کردیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ایک ہزار کروڑ کے بنگلہ میں پرتعیش زندگی بسر کر رہے ہیں لیکن انہیں عوامی مشکلات کی کوئی پرواہ نہیں ۔ سرکاری ملازمین تنخواہوں میں اضافہ کا کئی برسوں سے انتظار کر رہے ہیں لیکن کسی نہ کسی بہانہ اس مسئلہ کو ٹالا جارہا ہے ۔ بیروزگار نوجوانوں کو ملازمت اور ماہانہ الاؤنس کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ اتم کمار ریڈی نے بی جے پی پر کانگریس قائدین کو شمولیت کیلئے راغب کرنے کا الزام عائد کیا اورکہا کہ بی جے پی کے پاس قابل قائدین کی کمی ہے اور وہ ٹی آر ایس کے ساتھ مل کر کانگریس کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس معیاری اور قابل قائدین کو تیار کرنے والی ایک فیکٹری ہے ۔ چند قائدین کے پارٹی چھوڑنے سے کانگریس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اتم کمار ریڈی نے سرکاری ملازمین ، اساتذہ اور بیروزگار نوجوانوں کے علحدہ جلسوں سے خطاب کیا۔