حیدرآباد: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تلنگانہ اور آندھراپردیش کی گریجویٹ اور ٹیچرس زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں کیلئے فہرست رائے دہندگان کی تیاری کا عمل شروع کردیا ہے ۔ کمیشن نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے اس کا شیڈول جاری کیا۔ گریجویٹ حلقوں کے ارکان کی میعاد مارچ 2021 ء کو ختم ہورہی ہے۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر اضلاع پر مشتمل حلقہ سے بی جے پی قائد این رام چندر راؤ جبکہ ورنگل ، کھمم اور نلگنڈہ نشست سے ٹی آر ایس کے پی راجیشور ریڈی منتخب ہوئے تھے۔ ٹیچرس زمرہ کی اے پی میں دو نشستوں کے ارکان کی میعاد آئندہ سال مارچ میں ختم ہوگی۔ یکم ڈسمبر کو فہرست کا مسودہ جاری کیا جائے گا جبکہ 18 جنوری کو قطعی فہرست جاری کی جائے گی ۔ گریجویٹس اور ٹیچرس یکم اکتوبر سے اپنے نام فہرست میں شامل کرسکتے ہیں۔