ایم ایل سی نشست پر کویتا کی کامیابی کیلئے ٹی آر ایس سرگرم

   

بی جے پی کے کئی قائدین کا انحراف،نظام آباد میں بی جے پی کو نقصان
حیدرآباد ۔20۔ مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے نظام آباد میں مجالس مقامی کی قانون ساز کونسل کی نشست پر سابق رکن پارلیمنٹ کویتا کو کامیاب بنانے کے لئے ساری طاقت جھونک دی ہے۔ نظام آباد کے مختلف علاقوں میں بی جے پی سے تعلق رکھنے والے کونسلرس اور دیگر قائدین کو ٹی آر ایس میں شمولیت کی ترغیب دی جارہی ہے۔ گزشتہ دو دنوں کے دوران نظام آباد ٹاؤن اور دیگر علاقوں کے کئی بی جے پی قائدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ مجالس مقامی کوٹہ کے تحت ایم ایل سی نشست کے انتخابات آئندہ ماہ مقرر ہے۔ کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں سیاسی سرگرمیاں ماند پڑگئیں تھیں۔ لیکن انتخابات قریب آتے ہی ٹی آر ایس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا۔ بی جے پی نے سابق رکن اسمبلی لکشمی نارائنا اور کانگریس نے وی سبھاش ریڈی کو امیدوار بنایا ہے۔ بی جے پی کے ڈی اروند نے لوک سبھا انتخابات میں نظام آباد حلقہ سے کویتا کو شکست دی تھی۔ انتخابی شکست کے بعد سے کویتا سیاسی سرگرمیوں سے دور ہوگئیں ۔ تاہم مجالس مقامی کی نشست کے لئے امیدوار بنائے جانے کے بعد وہ سرگرم دکھائی دے رہی ہیں۔ اپریل کے پہلے ہفتہ میں انتخابات تھے تاہم کووڈ۔19 کے سبب ملتوی کردیئے گئے۔ میونسپل کارپوریٹرس ، کونسلرس ، ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی ارکان پر مشتمل 824 رائے دہندے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹی آر ایس کے پاس کامیابی کے لئے دو تہائی اکثریت موجود ہے، اس کے باوجود وہ مزید بہتر مظاہرہ کی کوشش کر رہی ہے ۔ بی جے پی نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے کہ ٹی آر ایس اس کے عوامی نمائندوں کو لالچ دے رہی ہے ۔ لہذا پارٹی نے انتخاب منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔