حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے نظام آباد میں مجالس مقامی زمرہ کی ایم ایل سی نشست کے ضمنی الیکشن کیلئے شیڈول جاری کیا ہے۔ آر بھوپتی ریڈی ایم ایل سی کو کانگریس میں شمولیت کے بعد 16 جنوری 2019 کو نااہل قرار دیا گیا تھا۔ اس نشست کی میعاد 4 جنوری 2022 تک رہے گی۔ ضمنی الیکشن کے شیڈول کے مطابق 12 مارچ کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور 19 مارچ تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکیں گے۔ 20 مارچ کو پرچہ جات کی جانچ ہوگی اور 23 مارچ تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ 7 اپریل کو رائے دہی ہوگی جو صبح 8 تا سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گی۔ 9 اپریل کو ووٹوں کی گنتی اور نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق متعلقہ حلقوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق فوری طور پر نافذ ہوچکا ہے۔