ایم ایل سی نشست کے کانگریس امیدوار راملو نائیک کا پرچہ نامزدگی داخل

   


اتم کمار ریڈی، بھٹی وکرامارکا اور دیگر قائدین کی شرکت، انتخابی مہم کا آغاز
حیدرآباد۔ گریجویٹ حلقہ نلگنڈہ ، ورنگل اور کھمم کے کانگریس امیدوار راملو نائیک نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے ہمراہ راملو نائیک نے ضلع کلکٹر نلگنڈہ پرشانت پاٹل کو کاغذات نامزدگی حوالے کئے۔ ان کے ہمراہ ضلع کانگریس صدور شنکر نائیک، وینکنا یادواور انیل ریڈی موجود تھے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد انتخابی جلسہ عام منعقد کیا گیا جس میں سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، سابق مرکزی وزیر بلرام نائیک، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور تینوں اضلاع سے تعلق رکھنے والے قائدین نے شرکت کی۔ اتم کمار ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے طلباء و نوجوانوں، سرکاری ملازمین اور ٹیچرس سے اپیل کی ہے کہ کانگریس کے حق میں ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے کے سی آر حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کا منہ توڑ جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 7 برسوں میں کے سی آر انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور ماہانہ 3016 روپئے بے روزگاری الاؤنس کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کانگریس پارٹی ایم ایل سی کی دونوں نشستوں پر شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔