ایم ایل سی ووٹ کے اہل اساتذہ ناموں کا اندراج کروائیں

   

13 مارچ کو رائے دہی ، نارائن پیٹ میں شعور بیداری اجلاس ، ضلع کلکٹر کا خطاب

نارائن پیٹ /15 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر کویا سری ہرشانے ضلع نارائن پیٹ کے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ محبوب نگر و رنگاریڈی ، حیدرآباد کے اساتذہ زمرے کے ایم ایل سی انتخابات میں تعاون کریں ۔ نارائن پیٹ ضلع کلکٹریٹ میں منعقدہ ایک اجلاس جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی تھی ایک شعور بیداری پروگرام منعقد کیا گیا ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ صرف وہی اساتدہ جو ہائی اسکولوں ، گروکل اسکولوں اور کالجوں میں 3 سال سے کام کر رہے ہیں ایم ایل سی انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اہل ہیں ایم ایل سی ووٹ کیلئے اپنے نام اندراج کروائیں ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ضلع کے سرکاری اور پرائیویٹ ہائی اسکولوں کے جی بی وی ماڈل اسکولوں ، رہائشی اسکولوں جونئیر کالجوں ، انجینئیرنگ کالجوں ، ڈگری کالجوں زرعی کالجوں ، میڈیکل کالجوں اور پولی ٹیکنک کالجس میں کام کرنے والے اساتذہ و لکچررس نے اپنے ووٹ کا اندراج کروایا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ نارائن پیٹ ضلع میں 688 اساتدہ ووٹرس رجسٹر کروائے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ رائے دہی کیلئے 5 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 24 فروری کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی ۔ اساتدہ کے ایم ایل سی انتخابات مارچ کے مہینہ کی 13 تاریخ کو ہوں گے ۔ ووٹوں کی گنتی 16 مارچ کو ہوگی ۔ انتخابات کا شیڈول 21 مارچ کو ختم ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے سلسلے میں مذہبی عبادت گاہوں کے قریب پابندی رہے گی ۔ انتخابات کے متعلق جلسہ و اجلاسوں کے حوالے سے ضلع الیکشن آفیسر سے تحریری اجازت لینا ضروری ہوگا ۔ اس اجلاس میں آر ڈی او مسٹر رام چندر ، ٹیچرس یونینوں کے ضلعی صدور ، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں و دیگر عہدیداروں اور نمائندوں نے شرکت کی ۔