سخت ترین کارروائی کرنے علمائے دین، مفکرین اسلام اور دیگر قائدین کی پولیس کمشنر سے نمائندگی
حیدرآباد۔بدنام زمانہ ملعون وسیم رضوی کے خلاف چارمینار پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ آج شہر حیدرآباد میں اس ملعون کے خلاف مسلمانوں کی جانب سے زبردست احتجاج کیا گیا اور شیعہ برادری کی جانب سے اس ملعون کا پتلہ نذر آتش کیا گیا۔ شکایت گذارآل محمد قادری کی شکایت پر چارمینار پولیس نے کرائم نمبر 66 سال 2021 دفعہ 153 a، 295-a آئی پی سی کے تحت مقدمہ در ج کرلیا ہے۔ اس سے قبل مسلم قائدین، مفکرین اسلام اور مختلف مذہبی اداروں کے نمائندوں کے ایک وفد نے پولیس میں شکایت درج کراتے ہوئے ملعون وسیم رضوی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ مذہبی قائدین اور مفکرین اسلام پر مشتمل اس گروپ میں امیر جامعہ نظامیہ مولانا اکبر نظام الدین، شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مفتی خلیل احمد، مولانا قبول بادشاہ شطاری صدر رویت ہلال کمیٹی و علمائے دکن، سید احمد پاشاہ قادری رکن اسمبلی یاقوت پورہ، شیعہ قائدین مولانا سید نثار حسین حیدر آغا ، مولانا سید سیف اللہ حسینی باقری نے کمشنر پولیس سے نمائندگی کی۔شکایت گذار آل محمد قادری عرف شبر پاشاہ نے کہا کہ کلام پاک اور خلفائے راشدین کی شان میں کسی بھی قسم کی گستاخی اور بے حرمتی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملعون وسیم رضوی ایک سازش کے تحت مسلمانوں میں تفرقہ ڈالنے اور آپس میں لڑاتے ہوئے پھوٹ ڈالنے کا کام کررہا ہے اور مسلمانوں کی دل آزاری کا کسی کو حق نہیں۔ انہوں نے کمشنر پولیس سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔