ایم ایل سی کی حیثیت سے کوشک ریڈی کی تاحال عدم منظوری

   

Ferty9 Clinic

فوجداری مقدمات کی شکایت کے سبب گورنر کی جانب سے نامزدگی کی منظوری میں تاخیر کا امکان
حیدرآباد۔12اگسٹ(سیاست نیوز) کانگریس سے تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت اختیار کرنے والے سیاسی قائد کوشک ریڈی کو ریاستی حکومت نے گورنر کوٹہ میں رکن قانون ساز کونسل نامزد کرنے کا اعلان کیاتھا اور ریاستی کابینہ کوشک ریڈی کی نامزدگی کو منظوری دیتے ہوئے گورنر کو روانہ کرچکی ہے لیکن گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن نے کوشک ریڈی کی نامزدگی کو اب تک منظوری نہیں دی ہے جبکہ سابق میں انقلابی گلوکار گورٹی وینکنا کو ریاستی حکومت کی جانب سے گورنر کوٹہ کے تحت رکن قانون ساز کونسل نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور فائل منظوری کے لئے گورنر کو روانہ کی گئی تھی تو اس وقت ریاستی گورنر نے فوری ان کی نامزدگی کو منظوری دے دی تھی لیکن کوشک ریڈی کی نامزدگی پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے جبکہ ریاستی کابینہ کی جانب سے منظوری کے بعد فائل راج بھون کو روانہ کئے گئے 10 دن گذرچکے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ گورنر تلنگانہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی قائدین نے مطالبہ کیا تھا کہ کوشک ریڈی پر فوجداری مقدمات ہیں اسی لئے انہیں گورنر کوٹہ کے تحت کونسل میں نامزد نہیں کیا جانا چاہئے ۔ کوشک ریڈی کی نامزدگی کے سلسلہ میں روانہ کی گئی ریاستی کابینہ کی سفارش کو منظور نہ کئے جانے کے سلسلہ میں کہا جار ہاہے کہ گورنر ریاستی کابینہ کی جانب سے نامزدگی کی سفارش کو مسترد نہیں کرسکتے لیکن گورنر کو اس بات کا اختیار حاصل ہے کہ وہ جب تک چاہے ریاستی کابینہ کی جانب سے قانون ساز کونسل میں نامزدگی کے سلسلہ میں روانہ کی جانے والی سفارشات کو غیر معینہ مدت تک اپنے پاس روکے رکھ سکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق گورنر تمیلی سائی سوندراجن نے گذشتہ دنوں دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ مسٹر امیت شاہ سے ملاقات کی ہے اور اس ملاقات کے دوران ریاستی کابینہ کی جانب سے قانون ساز کونسل میں گورنر کوٹہ کے تحت کوشک ریڈی کی نامزدگی کی سفارش پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن اپنے دورۂ دہلی سے واپسی کے بعد ریاستی کابینہ کی جانب سے روانہ کی جانے والی سفارش پر قطعی فیصلہ کریں گی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی نے مسٹر کوشک ریڈی کے خلاف موجود فوجداری مقدمات کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر کو روانہ کردہ نمائندگی میں اس بات کا مطالبہ کیا تھا کہ کوشک ریڈی کے خلاف موجود فوجداری مقدمات کے سبب انہیں گورنر کوٹہ کے تحت تلنگانہ قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے نامزد نہیں کیا جانا چاہئے لیکن کابینہ نے اس بات کو نظر انداز کردیا ہے۔