ایم ایل سی کی دونوں نشستوں پر ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی

   


جگدیش ریڈی کا دعویٰ ، بی جے پی اور کانگریس پر تنقید
حیدرآباد: وزیر برقی جگدیش ریڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ کوئی بھی پارٹی لاکھ کوشش کرلے ایم ایل سی انتخابات میں کامیابی ٹی آرایس کی ہوگی ۔ نلگنڈہ ، ورنگل ، کھمم ایم ایل سی نشست کے ٹی آر ایس امیدوار راجیشور ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے وزیر نے رائے دہندوں کے جلسوں سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ار ایس نے سرکاری ملازمین اور طلبہ کی بھلائی پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ جبکہ بی جے پی اور کانگریس صرف انتخابات کے وقت رائے دہندوں کو یاد کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے تلنگانہ کے ساتھ جانبداری کا رویہ اختیار کیا ہے جس کے نتیجہ میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر اثر پڑا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے عدم تعاون کے باوجود کے سی آر حکومت ہر ہفتہ کے لئے فلاحی اسکیمات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔ نو قائم شدہ تلنگانہ ریاست نے ترقی کے معاملہ میں ملک کی دیگر ریاستوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ سرکاری ملازمین، ٹیچرس اور طلبہ کو ٹی آر ایس امیدوار کی تائید کرتے ہوئے اپنے مسائل کی یکسوئی کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی آر سی پر عمل آوری کے سلسلہ میں شبہ کی گنجائش نہیں ہے ۔ جگدیش ریڈی نے کہا بی جے پی دور حکومت میں عام آدمی پریشان ہے لیکن امبانی اور اڈانی کو حکومت فائدہ پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اڈانی کی آمدنی میں 700 فیصد اور امبانی کی آمدنی میں 370 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ پٹرولیم اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے نتیجہ میں عوام مہنگائی کا شکار ہیں۔ انہوں نے رائے دہندوں کو یقین دلایا کہ انتخابات کے بعد فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا دوبارہ آغاز ہوگا۔