جگن کا اقتدار سے بیدخل ہونایقینی
حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ آندھرا پردیش میں جگن موہن ریڈی کی دوبارہ کامیابی ممکن نہیں ہے کیونکہ عوام نے تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس ایک لہر کے ذریعہ اقتدار میں آئی تھی اور اسی طرح ایک لہر کے ساتھ اس کا خاتمہ ہوگا۔ آندھرا پردیش میں گریجویٹ زمرہ کی 3 کونسل نشستوں پر تلگودیشم کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ یہ دراصل عوام کی فتح ہے۔ عوام نے اسمبلی انتخابات کا اپنا فیصلہ سنادیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام نے گریجویٹ کونسل کی نشستوں پر تلگودیشم کو کامیاب کرتے ہوئے جگن حکومت سے اپنی ناراضگی کا واضح طور پر اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جگن کے انتخابی حلقہ میں عوام نے بغاوت کردی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ جگن موہن ریڈی انتخابی وعدوں کی تکمیل اور عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ر