حیدرآباد: تلنگانہ گریجویٹ حلقہ ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدوار دونوں حلقوں میں سبقت حاصل کرچکے ہیں۔ حیدرآباد۔ رنگا ریڈی ۔ محبوب نگر نشست کیلئے ٹی آر ایس امیدوار سرابھی وانی دیوی نے چوتھے راونڈ کے بعد سبقت حاصل کرلی تھی ۔ انہیں 4,444 ووٹوں کی سبقت حاصل تھی جبکہ ورنگل ۔ کھمم ۔ نلگنڈہ حلقہ میں پی راجیشور ریڈی نے پانچویں راونڈ کے بعد 18,589 ووٹوں کی سبقت حاصل کرلی تھی ۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پہلے ترجیحی ووٹوں کی گنتی کو جمعہ کی صبح تک مکمل کرلیا جائگیا ۔ اگر کسی بھی امیدوار کو اکثریت حاصل نہ ہوتی ہے تو دوسرے ترجیحی ووٹ کی گنتی فوری شروع کردی جائیگی ۔ حیدرآباد میں بی جے پی امیدوار این رامچندر راو ٹی آر ایس کی وانی دیوی کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔ نلگنڈہ حلقہ میں آماد امیدوار تین مار ملنا دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ ٹی جے ایس لیڈر پروفیسر کودانڈا رام 49,200 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ رنگا ریڈی میں سب سے زیادہ 205 پوسٹل بیالٹ ووٹ ڈالے گئے تھے ۔ ورنگل ۔ کھمم ۔ نلگنڈہ حلقہ میں جملہ 1,917 پوسٹل بیالٹ ووٹ ڈالے گئے جن میں 1,838 ووٹ درست تھے ۔ حیدرآباد حلقہ کیلئے ووٹوں کی گنتی سرور نگر انڈور اسٹیڈیم میں چل رہی ہے جبکہ ورنگل کیلئے مارکٹ یارڈ نلگنڈہ میں گنتی کا اہتمام کیا گیا ہے ۔