حیدرآباد 3 مئی (سیاست نیوز) نلگنڈہ ، کھمم اور ورنگل اضلاع پر مشتمل گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے چناؤ میں کانگریس امیدوار کے طور پر جہد کار اور صحافی تین مار ملنا نے آج پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے ہمراہ تین مار ملنا نے ریٹرننگ آفیسر کے خاص پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اپنے اور ارکان خاندان کے نام پر موجود تمام جائیدادوں کو حکومت کے حوالے کرنے بانڈ پیپر لکھنے کیلئے تیار ہیں ۔ سابق میں انہوں نے یہ اعلان کیا تھا کہ اگر ان کے اثاثہ جات ثابت کردیئے جائیں تو وہ حکومت کے حوالے کرنے بانڈ پیپر لکھیں گے۔ تین مار ملنا نے اثاثہ جات کا بانڈ پیپر وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے حوالے کیا۔ سابق میں تین مار ملنا آزاد امیدوار اس حلقہ سے مقابلہ کرچکے ہیں اور وہ دوسرے مقام پر رہے۔ بی آر ایس کے پی راجیشو ریڈی کو کامیابی ملی تھی لیکن اسمبلی چناؤ میں انتخاب پر انہوں نے استعفیٰ دے دیا جس کے نتیجہ میں ایم ایل سی نشست کا ضمنی چناؤ ہورہا ہے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ بے لوث عوامی خدمات کیلئے مشہور تین مار ملنا کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ ، ورنگل اور کھمم اضلاع سے تعلق رکھنے والے بیروزگار نوجوان کانگریس امیدوار کی کامیابی کیلئے ووٹ دیں گے۔ 1