ایم ایم ٹی ایس کے دوسرے مرحلہ کا ایک اور سنگ میل فلک نما ۔ عمدہ نگر کے درمیان ٹرائیل رن

   

حیدرآباد :۔ تقریبا 13.98 کلو میٹر ریل روٹ میں ٹرئیل رن کے ساتھ ، جہاں الیکٹریفیکیشن اور ڈبل لائننگ کے کام مکمل ہوگئے ہیں ۔ شہر کا ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ سسٹم ( ایم ایم ٹی ایس ) کا دیرینہ انتظار کا دوسرا مرحلہ ایک اور سنگ میل کو پار کیا ہے ۔ یہ ٹرائیل رن گریٹر حیدرآباد کے جنوبی حصہ میں انٹرنیشنل ایرپورٹ ایریا میں فلک نما اور عمدہ نگر اسٹیشنس کے درمیان کی گئی ۔ حیدرآباد ایم ایم ٹی ایس شہر کی ٹریفک کے سلسلہ میں بہت اہم ہے ۔ اس روٹ کی دستیابی سے تمام ٹرینس کے آپریشن کے لیے راہ ہموار ہوگی اس طرح لاکھوں مسافرین کو اس سے فائدہ ہوگا اور دوسری طرف اس نئی لائن کو شروع کرنے کے ساتھ ریلوے اتھاریٹی کیلئے پاسنجر اور ایکسپریس ٹرینس کو مینٹن کرنا آسان ہوسکتا ہے ۔ ایم ایم ٹی ایس کے پہلے مرحلہ میں ، ڈبلنگ ٹرئیک کے ساتھ 42 کلو میٹر سروسیس فراہم کی جارہی ہیں اور تقریبا 1.20 لاکھ مسافرین اس سرویس سے استفادہ کررہے ہیں ۔ ایم ایم ٹی ایس میں اضافہ کی مانگ پر عہدیداروں کی جانب سے اب اس کے دوسرے مرحلہ پر توجہ دی جارہی ہے ۔ ایم ایم ٹی ایس دوسرے مرحلہ کا کام گذشتہ چار سال سے جاری ہے ۔ اس پراجکٹ کو 84 کلومیٹر ریل ورکس کیلئے ریل وکاس نگم لمٹیڈ ( RVNL ) کی جانب سے شروع کیا گیا ۔ اب تک انہوں نے نو کلومیٹر پٹن چیرو ۔ تیلاپوز روٹ کو مکمل کیا ہے اور اب اسے استعمال کیا جارہا ہے ۔ حال میں فلک نما ۔ عمدہ نگر کے درمیان دوسری مرحلہ کی لائن کے الیکٹریفیکیشن ورکس ، ڈبلنگ اور انفراسٹرکچر ڈیزائن کے کام مکمل ہوئے ہیں ۔ یہ لائن کرنول ٹاون ، گنتکل ، بنگلور ، سکندرآباد اور کاچی گوڑہ اسٹیشنس کیلئے بڑی اہمیت کی حامل ہے ۔ آندھرا پردیش اور کرناٹک جانے والی تقریبا تمام ٹرینس اسی روٹ سے جائیں گی ۔ اور یہ لائن سامان کے ٹرانسپورٹ کے لیے بھی مفید اور کارآمد ہے ۔ آر وی این و ایل کی جانب سے فلک نما ، شیورام پلی ، بدویل اور عمدہ نگر میں نئے اسٹیشنس تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے اور اس روٹ پر ہر اسٹیشن پر ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ شہر کے شمالی حصہ میں سکندرآباد ۔ بولارم ، میڑچل کے درمیان 28 کلو میٹر ڈبل لائننگ کا کام تکمیل کے قریب ہے ۔ گھٹکیسر ۔ مولا علی کے درمیان فورلین ریلوے لائن کی تعمیر کا کام الیکٹریفیکیشن اور آٹو میٹک سگنلنگ کے ساتھ جاری ہے ۔ موجودہ ڈبل لائن کو بدلنے کیلئے تاکہ ہجوم نہ ہونے پائے اور اس روٹ پر زیادہ ٹرینس چلائے جائیں ۔ مولا علی ۔ ملکاجگیری ۔ سیتاپھل منڈی کے درمیان دس کلومیٹر ڈبلنگ کا کام اور الیکٹریفیکیشن ورک قطعی مراحل میں ہے ۔۔