ایم اے فہیم چیرمین تلنگانہ فوڈ کارپوریشن نامزد

   

Ferty9 Clinic

ضلع سنگاریڈی کے جواں سال قائد کا چیف منسٹر سے اظہار تشکر، حامیوں میں مسرت کی لہر

سنگاریڈی 17 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سنگاریڈی کے جواں سال کانگریس پارٹی قائد ایم اے فہیم کو حکومت تلنگانہ نے چیرمین تلنگانہ فوڈس کارپوریشن نامزد کیا ہے۔ ایم اے فہیم جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ہے۔ انھوں نے اپنا سیاسی کیرئر تلگو دیشم پارٹی میں اسٹوڈنٹ لیڈر کی حیثیت سے کیا۔ 2004 میں تیلگو ناڈو اسٹوڈنٹس یونین کے نائب صدر اور 2006 میں تلگو دیشم پارٹی کے اسٹیٹ سکریٹری اور حلقہ پارلیمنٹ پدا پلی و محبوب نگر انچارج کی حیثیت سے خدمات انجام دی۔ 2009 میں پرجا راجئم پارٹی ٹکٹ پر حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے مقابلہ کیا۔ 2014 میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ 2015 تا 2018 ترجمان کانگریس پارٹی رہے۔ 2018 سے اب تک مسلسل جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس پارٹی کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 2018 اور 2023 اسمبلی انتخابات میں انھوں پارٹی کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ میں کام کیا۔ علاوہ ازیں پارٹی نے انھیں پروٹوکال کمیٹی کا وائس چیرمین نامزد کیا۔ راہول گاندھی کی تلنگانہ میں بھارت جوڑو یاترا کے علاوہ دہلی اور دیگر مقامات سے آنے والے پارٹی قائدین کے پروٹوکال کے انتظام میں سرگرم رہے۔ پارٹی نے انھیں تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کی جائیدادوں کے احیاء کمیٹی کا رکن بھی نامزد کیا ہے۔ 42 سال جواں سالہ قائد کو چیرمین تلنگانہ فوڈس نامزد کرنے پر ان کے حامیوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ ایم اے فہیم نے انھیں چیرمین تلنگانہ فوڈس کارپوریشن نامزد کرنے پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور گلدستہ پیش کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا اور پارلیمنٹ انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی کے لیے سعی کرنے کا عزم ظاہر کیا۔