ایم اے کے مقیت وقف بورڈ کے رکن نامزد

   

حیدرآباد/12اکٹوبر ( سیاست نیوز ) حکومت نے تلنگانہ وقف بورڈ رکن کے طور پر ایم اے کے مقیت ایڈوکیٹ کا تقرر کیا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے احکام جاری کئے۔ وقف بورڈ میں بار کونسل سے 2 ارکان کی شمولیت کی گنجائش ہے۔ بار کونسل سے الیکشن میں ٹاس کی بنیاد پر ذاکر حسین جاوید کا انتخاب عمل میں آیا تھا۔ حکومت نے اپنے اختیارات استعمال کرکے زمرہ کے دوسرے رکن کے طور پر ایم اے کے مقیت کو نامزد کیا ہے۔ سی ای او کو ضروری کارروائی کی ہدایت دی گئی۔ حکومت نے بورڈ ارکان کی تعداد کو 11 کرکے ایم اے کے مقیت کو شامل کیا ہے۔