ایم بی اے، ایم سی اے میں داخلوں کیلئے آئندہ ماہ اعلامیہ

   

حیدرآباد۔/12 فبروری، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں نئے تعلیمی سال 2020-21 کیلئے ایم بی اے، ایم سی اے کورسیس میں داخلوں سے متعلق منعقد کئے جانے والے آئی سیٹ 2020 کیلئے آئندہ ماہ 6 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ آج تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کے دفتر میں آئی سیٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں صدر نشین تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم ٹی پاپی ریڈی ، نائب صدر نشین آر لمبادری، وی وینکٹ رمنا، سکریٹری کونسل مسٹر سرینواس راؤ کاکتیہ یونیورسٹی انچارج وائس چانسلر و صدرنشین آئی سیٹ بی جناردھن ریڈی ، کنوینر آئی سیٹ کے راجی ریڈی و دیگر عہدیدار شریک تھے۔ اجلاس کے اختتام پر کنوینر آئی سیٹ راجی ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی سیٹ 2020 کے شیڈول کی اجرائی عمل میں لائی۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق 9 مارچ سے ن لائن کے ذریعہ درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری ( بغیر کسی جرمانہ کے ) تاریخ 30 اپریل ہوگی۔ اور 500 روپئے جرمانہ کے ساتھ فارم داخل کرنے کی تاریخ 6 مئی ، دو ہزار روپئے جرمانہ کے ساتھ 11 مئی ، 5 ہزار روپئے جرمانہ کے ساتھ 16 مئی تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں ۔ کنوینر آئی سیٹ 2020 مسٹر راجی ریڈی نے بتایا کہ آئی سیٹ تحریری امتحان کا 20 اور 21 مئی کو انعقاد عمل میں آئے گا اور 14 مئی سے آئی سیٹ ہال ٹکٹ ڈاون لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ 27 مئی کو ’’ کی ‘‘ جاری کی جائے گی اور 12 جون کو آئی سیٹ 2020 کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔