ممبئی: بمبئی ہائی کورٹ نے منگل کو مہاراشٹرا میں ایم بی اے اور ایم ایم ایس کورسز میں داخلے کیلئے سی ای ٹی سیل کے ذریعے اسکور کو معمول پر لانے کے عمل کو چیلنج کرنے والی عرضی کو خارج کر دیا۔ ہائی کورٹ نے متعلقہ معاملے کی سماعت کے بعد یہ کہتے ہوئے درخواست کو خارج کر دیا کہ اس (درخواست) میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ درخواست کو 157 طلباء نے چیلنج کیا تھا جس میں ایم بی اے 2023-24 داخلہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ مہاراشٹرا سی ای ٹی من مانی طریقے سے منعقد کی گئی تھی۔ عدالت نے گزشتہ ہفتے مہاراشٹرا اسٹیٹ کامن انٹرنس ٹسٹ (سی ای ٹی) سیل کے ذریعہ 2023-24 کے ماسٹر آف بزنس مینجمنٹ (ایم بی اے ) کورس میں داخلے کے عمل پر روک لگانے سے انکار کردیا۔ تاہم عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ داخلہ منتخب طلباء کیلئے دوبارہ امتحان کو چیلنج کرنے والی درخواست کے حتمی نتائج سے مشروط ہوگا۔
