تلنگانہ ہائی کورٹ کی حکام کو ہدایت
حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائی کور ٹ نے اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن اور کنوینر آئی سیٹ کو ایم بی اے اور ایم سی اے کورسیس برائے تعلیمی سال 2020-21 میں داخلوں کیلئے خصوصی کونسلنگ کے انعقاد کا فیصلہ کرنے دو دن کا وقت دیا ۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی و جسٹس ابھیشیک ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے واضح کیا کہ حکام کی جانب سے کوئی فیصلہ نہ کرنے کی صورت میں عدالت مخصوص تاریخوں کے ساتھ کونسلنگ کی ہدایت دیگی تاکہ ایسے طلبہ کو سہولت ہو جو ڈگری سپلیمنٹری امتحانی نتائج کا انتظار کررہے ہیں۔ ایک طالب علم نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرکے شکایت کی کہ سپلیمنٹری امتحان کے نتائج کی عدم اجرائی کے سبب کئی طلبہ ایم بی اے اور ایم سی اے کورسیس میں داخلہ سے محروم ہوگئے۔ کئی طلبہ نے آئی سیٹ میں بہتر رینک حاصل کیا لیکن وہ کونسلنگ میں شریک نہیں ہوسکے۔ ڈگری سپلیمنٹری کے نتائج کی عدم اجرائی اہم رکاوٹ بنی۔ عدالت نے کونسل فار ہائیر ایجوکیشن اور کنوینر آئی سیٹ کو ہدایت دی کہ ایسے طلبہ کیلئے خصوصی کونسلنگ کا اہتمام کریں اور اندرون دو یوم عدالت کو اطلاع دی جائے۔