فیس ریگولیشن کمیٹی کی سفارشات حکومت کو پیش
حیدرآباد۔/26 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس میں داخلہ کے خواہشمند طلبہ کو اس وقت راحت ملی جب تلنگانہ ایڈمیشن اینڈ فیس ریگولیشن کمیٹی نے موجودہ فیس ڈھانچہ میں کوئی خاص تبدیلی کی سفارش نہیں کی ہے۔ خانگی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجس میں ریگولیٹری کمیٹی نے موجودہ فیس کی برقراری کی سفارش کی ہے۔ کمیٹی نے ایم بی بی ایس اے کنوینر زمرہ کے تحت سالانہ 60 ہزار روپئے اور بی ڈی ایس اے زمرہ کی نشست کیلئے سالانہ 45 ہزار روپئے فیس کی سفارش کی ہے۔ ایم بی بی ایس بی زمرہ ( مینجمنٹ کوٹہ) کی فیس میں معمولی تبدیلی کی گئی۔ کمیٹی نے سالانہ 11.55 لاکھ تا 14 لاکھ روپئے فیس کی سفارش کی جبکہ بی ڈی ایس کورس میں مینجمنٹ کوٹہ کی موجودہ فیس برقرار رہے گی۔ سی زمرہ یعنی این آر آئی کوٹہ کی نشستوں کیلئے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس کی فیس مینجمنٹ کوٹہ سے دگنی ہوسکتی ہے۔ کمیٹی سفارشات پر ریاستی حکومت عنقریب فیس اسٹرکچر جاری کرے گی۔ کمیٹی نے فینانشیل آڈٹ رپورٹس اور انفرااسٹرکچر سہولتوں کی بنیاد پر فیس کا تعین کیا ہے۔ ریاست کے 23 خانگی میڈیکل اور 12 خانگی ڈینٹل کالجس میں فیس پر نظر ثانی کی اپیل کی تھی۔ تعلیمی سال 2022-23 میں فیس پر نظرثانی باقی تھی۔ کوویڈ کے سبب اس سال فیس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
