ایم بی بی ایس اور دیگر میڈیکل کورسیس میں داخلوں پر مقامی اہلیت کا تنازعہ

   

سپریم کورٹ میںکل تلنگانہ حکومت کی درخواست کی سماعت
حیدرآباد۔/18ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے ایم بی بی ایس اور دیگر میڈیکل کورسیس میں داخلوں کے سلسلہ میں مقامی امیدوار کے تعین کے مسئلہ پر جاری تنازعہ کی سپریم کورٹ 20 ستمبر کو سماعت کرے گا۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے امیدواروں کے مقامی ہونے کی اہلیت کے بارے میں جو احکامات جاری کئے تھے ان کو تلنگانہ حکومت نے سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے اسپیشل لیو پٹیشن دائر کی۔ ہائی کورٹ نے 5 ستمبر کے احکامات میں جی او 33 مورخہ 19 جولائی میں امیدواروں کے مقامی ہونے کے بارے میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے تھے۔ 150 سے زائد طلبہ نے ہائی کورٹ سے رجوع ہوکر شکایت کی تھی کہ جی او کے نتیجہ میں ان کے مقامی ہونے کی اہلیت متاثر ہورہی ہے۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف ریاستی حکومت سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی جس میں کہا گیا ہے کہ حیدرآباد 2 جون 2024 سے دونوں تلگو ریاستوں کا مشترکہ دارالحکومت باقی نہیں رہا لہذا حکومت کو امیدواروں کے مقامی ہونے کی اہلیت کے تعین کا اختیار ہے تاکہ حقیقی مقامی طلبہ کو فائدہ ہو۔ امیدواروں کے مقامی ہونے کا معاملہ اس لئے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ 85 فیصد نشستیں مقامی امیدواروں کو الاٹ کی جاتی ہیں جبکہ 15 فیصد نشستیں آل انڈیا کوٹہ کے تحت پر کی جاتی ہیں۔ ریاستی حکومت کی درخواست چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ، جسٹس جے بی پاڑڈی والا اور جسٹس منوج مشرا کے بنچ پر سماعت کیلئے شامل کی گئی تھی لیکن منگل کے دن یہ درخواست سماعت کے مرحلہ تک نہیں پہنچ سکی لہذا سپریم کورٹ میں 20 ستمبر کو اس کی سماعت ہوگی۔1