ایم بی بی ایس داخلوں کیلئے شیڈول جاری کردیا گیا

   

آل انڈیا کوٹہ کیلئے 21 تا 30 جولائی و ریاستی کوٹہ کیلئے 30 جولائی سے کونسلنگ ہوگی
حیدرآباد۔13جولائی (سیاست نیوز) ایم بی بی ایس میں داخلوں کیلئے میڈیکل کونسلنگ کمیٹی نے شیڈول جاری کردیا ۔ آل انڈیا کوٹہ کے تحت نشستوں پر 21 جولائی تا 30 جولائی داخلوں کیلئے کونسلنگ ہوگی جبکہ ریاستی کوٹہ کیلئے 30 جولائی سے کونسلنگ کا آغاز کیا جائے گا۔ریاستی کوٹہ کے تحت نشستوں پر داخلوں کیلئے پہلا مرحلہ 30 جولائی تا 6 اگسٹ جاری رہے گا جبکہ تین مختلف مراحل میں کونسلنگ کا سلسلہ 18 ستمبر تک جاری رہے گا۔میڈیکل کونسلنگ کمیٹی سے جاری شیڈول میں ایم بی بی ایس کے علاوہ بی ڈی ایس کی نشستوں پر داخلوں کیلئے کونسلنگ کا عمل مکمل کیا جائیگا ۔ تلنگانہ میں مجموعی اعتبار سے 9065 ایم بی بی ایس کی نشستیں موجود ہیں جبکہ 4090 ایم بی بی ایس نشستیں 34 سرکاری میڈیکل کالجس میں موجود ہیں۔ ایم سی سی سے جاری رہنمایانہ خطوط اور قواعد کے مطابق ملک بھر میں یکم ستمبر سے ایم بی بی ایس کی کلاسس کا آغاز ہوگا۔کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی سے جاری تفصیلات کے مطابق تلنگانہ سے نیٹ میں 70ہزار259 امیدواروں نے شرکت کی تھی جن میں 43ہزار400 نے کامیابی حاصل کی ہے۔ تلنگانہ میں 34 سرکاری میڈیکل کالجس میں 4090 ایم بی بی ایس نشستوں و 26 خانگی میڈیکل کالجس میں جملہ 4350 نشستیں ہیں۔شیڈول میں رہنما خطوط بھی جاری کردیئے گئے اور واضح کیا گیا ہے کہ ای ایس آئی کالجس کے علاوہ آل انڈیا انسٹیٹیو ٹ آف میڈیکل سائنس کی تمام نشستوں کو آل انڈیا کوٹہ کے تحت پر کیاجائے گا اور تمام ریاستوں کے طلبہ ان میں داخلہ کے اہل ہونے کے ساتھ قومی سطح کی کونسلنگ میں حصہ لے سکتے ہیں۔3