ایم بی بی ایس فری سیٹ حاصل کرنے والے طلبہ کو تہنیت کی پیشکش

   

نظام آباد۔28 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل نظام آباد کی جانب سے ایم بی بی ایس فری سیٹ حاصل کرنے والے ممتاز طلباء و طالبات کے اعزاز میں بودھن کے پاکیزہ کنونشن ہال میں ایک شاندار تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس تقریب کی سرپرستی صوفی یونس مرزا قادری الچشتی بیابانی، سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت سید کمال شاہ بیابانیؒ و صدر کونسل نظام آباد نے کی، جبکہ صدارت مفتی عتیق احمد آرگنائزر و کنوینر جوائنٹ ایکشن کمیٹی بودھن نے انجام دی۔ تقریب کا آغاز شیخ عوان کی تلاوتِ کلامِ پاک، حمد و نعتِ شریف سے ہوا۔ مفتی عتیق احمد نے اپنے خطاب میں والدین کی خدمت و فرمانبرداری کو کامیابی کی کنجی قرار دیا۔ مہمانِ خصوصی محمد عبدالرشید سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منچریال و پرنسپل عائشہ بی ایڈ کالج نظام آباد ۔ صوفی محمد داود قادری، سکریٹری آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل نظام آباد نے بھی خطاب کیا اور طلبہ کو نصیحت کی۔ اس تقریب میں جناب محمد عبدالسمیع بندہ نوازی، احمد جبروت اللہ خان قادری متولی بودھن، صوفی عبدالوسیع صابری، محمد خواجہ نصیرالدین، احمد فیض الرحمن اور صوفی محمد عبدالسمیع صابری نظام آباد نے شرکت کی۔ اختتام پر مولانا سید عبدالباقی نظامی نے دعا کرائی اور احمد جبروت اللہ خان قادری نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں شال پوشی و گل پوشی کے ذریعہ فرینہ فلک رحمن، اقراء مریم، شیخ فیضان، حریم فاطمہ، دانیہ راحین، ثمیہ مہرین، رمشہ بیگم، فرینہ تمکین، نداء مہاوین اور فریحہ ادیب سمیت متعدد کامیاب طلباء و طالبات کو تہنیت پیش کی گئی۔