ایم بی بی ایس میں اس سال 744 مسلمہ طلبہ کو داخلے

   

تلنگانہ کے 54 میڈیکل کالجس میں اے زمرہ کی کونسلنگ
حیدرآباد 19 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کی کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائنس نے نیٹ 2023 کے ذریعہ میڈیکل کونسلنگ کے اے زمرہ (کنوینر کوٹہ) کے تین مرحلہ کی کونسلنگ کے بعد 27 گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں ایم بی بی ایس میں مسلم امیدواروں کی تعداد 278 اور 23 پرائیوٹ نان میناریٹی میڈیکل کالجس میں 136 مسلم امیدواروں کو اور چار مسلم میناریٹی کالجس میں 330 طلبہ کو داخلہ ملا۔ اس طرح ریکارڈ تعداد میں 744 مسلم امیدواروں نے اس سال ایم بی بی ایس میں داخلہ حاصل کیا۔ اس میں ایمس بی بی نگر اور نیملا میڈیکل کالج شامل نہیں ہیں۔ اور سیاست کی تین ماہ کی شخصی رہنمائی اور کونسلنگ سے بے شمار امیدواروں کو فائدہ ہوا۔ ریاست میں نئے میڈیکل کالجس کے قیام کے بعد یہ اضافہ ہوا۔ اس طرح ریاست بھر کے 56 میڈیکل کالجس میں 8515 نشستیں ہیں جن میں اے زمرہ کے تمام گورنمنٹ کالجس میں اور چار فیصد مسلم تحفظات کے ساتھ چار میناریٹی کالجس میں مسلم امیدواروں کو داخلہ ملا۔ اس کے علاوہ بی زمرہ مینجمنٹ کوٹہ اور سی زمرہ این آر آئی کی نشستیں علیحدہ ہیں۔ میڈیکل ایجوکیشن میں نیٹ کے ذریعہ ایم بی بی ایس کے علاوہ بی ڈی ایس (ڈینٹل) اور ایوش ہومیوپیتھی، ایورویدک اور یونانی (بی یو ایم ایس) میں داخلے ہوتے ہیں۔ ایم اے حمید کیرئیر کونسلر سیاست کی کاوشیں ثمرآور ثابت ہوئیں اور مسلم طلبہ کے داخلے میں کونسلنگ سے بڑی مدد ملی۔