حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائنس نے نیٹ 2025 کامیاب اور رجسٹرڈ اہل امیدواروں کو ایم بی بی ایس اے زمرہ میں داخلہ کیلئے ویب کونسلنگ جاری ہے۔ 18 ستمبر تک ویب آپشن دینا ہے جس کا دیڑھ ماہ سے انتظار کیا جارہا تھا ۔ تلنگانہ کے 61 میڈیکل کالجس میں ایم بی بی ایس میں داخلے ہورہے ہیں۔ دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال عابڈس پر 3 بجے تا 7 بجے شام ایم اے حمید سے رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔
استاد کے بغیر اسکول، طلبہ کا کلکٹر یٹ کے سامنے دھرنا
حیدرآباد، 16ستمبر (یو این آئی) تلنگانہ کے جوگولامباگدوال ضلع کے منڈل پریشد اسکول میں ٹیچر نہ ہونے پر ننھے طلبہ نے اپنے والدین اورسرپرستوں کے ساتھ کلکٹریٹ میں دھرنا دیا۔انہوں نے “ہم پڑھنا چاہتے ہیں لیکن اسکول میں کوئی استاد نہیں ہے ۔ ہمارے لئے ایک استاد تعینات کریں، کلکٹر صاحب!”کے نعرے لگائے ۔ یہ گدوال سے 15 کلومیٹر دور دریائے کرشنا کے دو حصوں میں تقسیم ہونے والے مقام پر گورنگڈا گاؤں واقع ہے ۔ اس گاؤں میں ٹرانسپورٹ کی سہولت نہیں ہے ۔ہزاروں کی آبادی والے اس گاؤں میں ایک منڈل پریشد اسکول ہے ۔ پہلی جماعت سے پانچویں جماعت تک کے 35 طلبہ کو پہلے صرف ایک ٹیچر تعلیم دیتا تھا۔ گزشتہ مہینے ترقی پانے پر وہ دوسرے گاوں چلاگیا۔ والدین کا کہنا ہے کہ 20 دنوں سے استاد کے بغیر طلبہ روزانہ اسکول آتے ہیں اور بغیر پڑھے واپس چلے جاتے ہیں۔طلبہ کے سرپرستوں اوروالدین نے روتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس تعلیم نہیں ہے ، ہمارے بچوں کے پاس بھی تعلیم کیوں نہیں ؟ ۔کلکٹر کی جانب سے دو تین دنوں کے اندر ٹیچر فراہم کرنے کے وعدے کے بعد دھرنا ختم کر دیا گیا۔