تمل ناڈو میں میرٹ لسٹ میں تاخیر ،لاکھوں طلبہ میں بے چینی
چنئی، 14 جولائی (آئی اے این ایس): یونین ہیلتھ منسٹری کے تحت میڈیکل کونسلنگ کمیٹی (ایم سی سی ) نے 2025-26 تعلیمی سال کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس داخلوں کا عبوری شیڈول جاری کردیا ہے۔ اگرچہ قومی سطح کا شیڈول اب عوامی طور پر دستیاب ہے، تمل ناڈو کی اسٹیٹ سلیکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ وہ ابھی میرٹ لسٹ تیارکرنے کے عمل میں مصروف ہے اور جلد ہی تفصیلی کونسلنگ ٹائم ٹیبل کا اعلان کیا جائے گا۔ ایم سی سی کے مطابق ریاستی کوٹہ کے تحت سیٹوں کے لیے پہلا مرحلہ جس میں سرکاری کالجوں، سیلف فنانسنگ میڈیکل کالجوں اور نجی یونیورسٹیوں کی سیٹیں شامل ہیں 30 جولائی سے 6 اگست تک ہوگا۔ پہلے مرحلے میں مختص کردہ کالج میں شمولیت کی آخری تاریخ 12 اگست مقرر کی گئی ہے۔ دوسرا مرحلہ 19 اگست سے 29 اگست تک ہوگا، اور اس میں شمولیت کی آخری تاریخ 4 ستمبر ہے۔ تیسرا مرحلہ 9 ستمبر سے 18 ستمبر تک منعقد ہوگا اور طلبہ 23 ستمبر تک کالج پہنچ سکتے ہیں۔ آخری اسٹری ویکنسی مرحلہ 25 سے 29 ستمبر تک ہوگا اور اس میں شمولیت کی آخری تاریخ 3 اکتوبر رکھی گئی ہے۔ دریں اثنا، وزارت صحت کی ہدایت کے مطابق، ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے انڈرگریجویٹ کورسز کے لیے تعلیمی سیشن یکم ستمبر کو شروع ہوگا۔ تمل ناڈو میں ڈائریکٹوریٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ، جو اسٹیٹ سلیکشن کمیٹی کی نگرانی کرتا ہے، کو ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسز کے لیے مجموعی طور پر 72,743 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 29 جون تھی۔ حکام کے مطابق میرٹ لسٹ کی تیاری آخری مراحل میں ہے اور جلد ہی کونسلنگ کی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔ اسٹیٹ سلیکشن کمیٹی کے ایک سینئر افسر نے کہا، ہم دستاویزات کی مکمل جانچ اور مارکس کے نارملائزیشن پر محنت سے کام کر رہے ہیں تاکہ سیٹوں کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔ میرٹ لسٹ کے تیار ہونے کے بعد آن لائن چوائس فلنگ اور کونسلنگ کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔ تمل ناڈو بھرکے میڈیکل طلبہ میرٹ لسٹ کا بے چینی سے انتظارکررہے ہیں، جو یہ طے کرے گی کہ وہ سرکاری یا خانگی کالجوں میں ریاستی کوٹہ کے تحت داخلے کے لیے اہل ہیں یا نہیں۔ لاکھوں طلبہ کی محدود سیٹوں کے لیے مسابقت کے پیش نظر، ریاست کی کونسلنگ کا مرحلہ میڈیکل داخلوں کے عمل کا اہم ترین مرحلہ مانا جاتا ہے۔