حیدرآباد 14 جولائی ( پریس نوٹ ) مجلس بچاؤ تحریک کے قائدین کے ایک وفد نے آج شہر میں الاوہ بی بی دبیر پورہ اور دیگر عاشور خانہ جات کا دورہ کیا ۔ عاشور خانہ جات پر حاضری دی اور شہیدان کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ ترجمان مجلس بچاؤ تحریک امجد اللہ خاں خالد کی قیادت میں الاوہ بی بی اور دیگر عاشور خانوں پر حاضری دینے والے وفد میں جنرل سکریٹری ایم بی ٹی مصطفی محمود ‘ ماجد خان ‘ سکندر اللہ خان ‘ الطاف نصیب خان ‘ یوتھ لیڈر عفان اللہ خان ‘ شکیل خان ‘ سید امداد حسین ‘ سید حاجی ‘ سید سراج اور دوسرے موجود تھے ۔ امجد اللہ خان خالد نے الاوہ بی بی و دیگر عاشور خانوں پرحاضری کے بعد کہا کہ سرکاری مشنری اس بار ماہ محرم الحرام کے انتظامات میں ناکام ہوگئی ہے اور ناقص انتظامات کی وجہ سے زائرین کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الاوہ بی بی اور دیگر عاشور خانوں تک جانے والے راستوں پر سڑکیںانتہائی خستہ حال ہیں حالانکہ ماہ محرم میں ان الاؤوں پر عوام کی کثیر تعداد حاضری دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجلسی قیادت اور انتظامیہ کی جانب سے انتظامات کو پوری طرح نظر انداز کردیا گیا تھا اور قبل از وقت انتظامات پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ محرم کے انتظامات کیلئے 50 کروڑ روپئے بجٹ کی اجرائی کے باوجود کاموںکی تکمیل میں لاپرواہی برتی گئی اور اس کیلئے بلدیہ کے عہدیدار و سیاسی قائدین ذمہ دار ہیں۔