ایم جی ایم ہاسپٹل میں چوہے کاٹنے کا متاثرہ مریض چل بسا

   

ہاسپٹل میں علاج کے دوران سرینواس کی موت
حیدرآباد ۔ 2 اپریل (سیاست نیوز) ورنگل ایم جی ایم ہاسپٹل واقعہ کا متاثرہ مریض سرینواس کی موت واقع ہوگئی۔ چوہوں کے کاٹنے کے بعد زخمی ہونے والے مریض کی حالت تشویشناک ہونے کے بعد اس کو جمعہ کے دن حیدرآباد کے نمس ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا۔ علاج کے دوران سرینواس نے آج صبح آخری سانس لی۔ گردے کے عارضہ میں مبتلاء سرینواس چند دن قبل ہی ورنگل کے ایم جی ایم ہاسپٹل میں شریک ہوا تھا۔ آئی سی یو وارڈ میں علاج کے دوران چوہوں نے اس کے ہاتھوں اور پیروں کے انگلیوں کو کاٹ لیا تھا جس سے بہت زیادہ خون بہہ گیا تھا۔ یہ واقعہ ساری ریاست میں موضوع بحث بن گیا تھا اور ہاسپٹل عملہ کی غفلت اور لاپرواہی کو بڑے پیمانے پر تنقیدوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ حکومت نے اس واقعہ کی تین رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے تحقیقات کرائی اور رپورٹ وصول ہونے کے بعد دو ڈاکٹرس کو معطل کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ کا فوری اثر کے ساتھ تبادلہ کردیا گیا تھا۔ مریض کی حالت تشویشناک ہونے پر مؤثر علاج کیلئے اس کو حیدرآباد کے نمس ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹرس کی ٹیم نے سرینواس کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی مگر وہ ناکام ثابت ہوئی۔ن