ایم جی ایم ہاسپٹل ورنگل میںناقص انتظامات پر برہمی

   

Ferty9 Clinic

ریاستی وزیر دیاکر راؤ کا دورہ ،ڈاکٹروں کی غیر حاضری ، سخت کارروائی کا انتباہ

ورنگل ۔ 29 ۔ اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر پنچایت راج ایرابلی دیاکر راؤ نے MGM ہاسپٹل کا اچانک دورہ کرتے ہوئے مریضوں سے ملاقات کی اور غیر حاضر ڈاکٹروں کے خلاف شدید برہمی ظاہر کی ۔ فون پر بات کرتے ہوئے غیر حاضر کی وجہ پوچھی ، ناقص خدمات پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے سخت انتباہ دیا۔ اس موقع پر انہوں نے ضلع کلکٹر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈسپلن کو برقرار نہ رکھنے والے عملہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ریاستی وزیر نے دواخانہ آنے والے آؤٹ پیشنٹ اور دیگر مریضوں سے بات کرتے ہوئے تمام تفصیلات معلوم کی ۔ دواخانہ میں کئی بلاک میں مریضوں کو کئی ایک تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ایم بی ایم ہاسپٹل میں پانچ سینئر ڈاکٹرس کی عدم موجودگی پر کہا ان کی غیر حا ضری تکلیف دہ بات ہے ، وبائی امراض سے سینکڑوں لوگ پر یشان ہیں، ایسے وقت میں ڈاکٹرس کو چاہئے تھا کہ وہ دواخانہ میں حاضر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم جی ایم دواخانہ میں بہتر سے بہتر خدمات کیلئے ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سنجیدہ ہیں۔ حکومت کی طرف سے دواخانہ کی ترقی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ۔ انہوں نے ڈاکٹروں اور دیگر عملہ سے کہا کہ مریضوں کے علاج پر خصوصی توجہ دیں۔ وبائی امراض سے ہر کوئی پر یشان ہے ۔ واضح رہے کہ شہر میں وبائی امراض کی کثرت سے نہ صرف سرکاری بلکہ خانگی ہاسپٹلس میں سینکڑوں کی تعداد میں مریض رجوع ہورہے ہیں ۔ ایم جی ایم دواخانہ میں روزانہ آؤٹ پیشنٹ کی حیثیت سے 3 تا 4 ہزار افراد رجوع ہورہے ہیں۔ دواخانہ میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ یہ ریاست تلنگانہ کا دوسرا بڑا دواخانہ ہے ۔ نہ صرف ورنگل بلکہ اطراف و ا کناف کے اضلاع سے بھی کئی افراد علاج کیلئے رجوع ہوتے ہیں ۔ ریاستی وزیر نے بعد ازاں جائزہ اجلاس میں ضلع کلکٹر پرشانت جیون پاٹل ، ایم جی ایم سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سرینواس راؤ ، کے ایم سی پرنسپل ڈاکٹر سندھیا سے کہا کہ بائیو میٹرک حاضری کا اہتمام کیا جائے جبکہ آؤٹ پیشنٹس کو دواؤں کا انتظام کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ جہاں تک ہوسکے غریب مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کریں ۔