حیدرآباد :۔ شہر حیدرآباد کے ساتھ اضلاع میں بھی کورونا کی دوسری لہر قہر ڈھا رہی ہے ۔ گذشتہ 21 گھنٹوں کے دوران ورنگل کے ایم جی ایم ہاسپٹل میں 27 افراد کی موت واقع ہوگئی ہے ۔ ریاستی وزیر پنچایت راج و دیہی ترقیات ای دیاکر راؤ نے ایم جی ایم ہاسپٹل پہونچ کر تازہ صورتحال کا جائزہ لیا اور اموات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لمحہ آخر میں متاثرین ہاسپٹل سے رجوع ہورہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے اموات کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے ۔ گریٹر ورنگل میونسپل انتخابات کے لیے کل ہی انتخابی مہم اختتام کو پہونچی ۔ کورونا کے کیسیس میں اچانک اضافہ ہوجانے سے انتخابی عملہ میں ڈر و خوف کی لہر پائی جاتی ہے اور ورنگل کے ایم جی ایم ہاسپٹل میں کورونا سے متاثر ہو کر علاج کے لیے رجوع ہونے والوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ اطلاع ملتے ہی وزیر ای دیاکر راؤ ایم جی ایم ہاسپٹل پہونچ گئے ۔ ڈاکٹرس سے ملاقات کرتے ہوئے تازہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ متاثرین کی جان بچانے کے لیے تمام اقدامات کرنے کی ہدایت دی اور ہاسپٹل کی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر پنچایت راج نے کہا کہ ایم جی ایم ہاسپٹلس میں تمام سہولتیں موجود ہیں ۔ آکسیجن اور بیڈس کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ بڑے پیمانے پر متاثرین کا علاج کیا جارہا ہے ۔ ڈاکٹرس کی جانب سے بھی بہتر طبی خدمات فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے ایم جی ایم ہاسپٹل میں تمام سہولتیں موجود ہیں مگر چند لوگ خانگی ہاسپٹلس میں علاج کرا رہے ہیں ۔ وہاں ٹھیک نہ ہونے پر آخری وقت میں مریضوں کو ایم جی ایم ہاسپٹل میں منتقل کررہے ہیں جس سے بھی اموات کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے ۔