پرانے شہر کے عوام کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل، یومیہ ایک ہزار درخواستوں کے ادخال کی گنجائش
حیدرآباد۔ 16 ستمبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے ایم جی بی ایس میٹرو اسٹیشن میں آج پاسپورٹ سیوا کیندرا کا افتتاح عمل میں آیا۔ حیدرآباد کے انچارج وزیر برائے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ پونم پربھاکر، رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، میئر جی ایچ ایم سی گدوال وجئے لکشمی ، کلکٹر حیدرآباد شریمتی ہری چندنا، چیف پاسپورٹ آفیسر ڈاکٹر کے جے سرینواسا آئی ایف ایس اور ریجنل پاسپورٹ آفیسر حیدرآباد شریمتی جے اسنیہاجہ کی موجودگی میں پاسپورٹ سیوا کیندرا کا آغاز ہوا۔ امیر پیٹ میں واقع پاسپورٹ سیوا کیندرا کو برخاست کرکے ایم جی بی ایس میٹرو اسٹیشن، (کرن کورس) میں عصری تقاضوں سے لیس کرتے ہوئے یہاں منتقل کیا گیا۔ یہ پاسپورٹ سیوا کیندرا ایم جی بی ایس میٹرو اسٹیشن میں منتقل ہونے سے پرانے شہر کے عوام کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل ہوئی ہے۔ یہاں پر میٹرو ٹرین کی سہولت کے علاوہ پڑوسی اضلاع کے پاسپورٹ درخواست گزاروں کو بھی ٹرانسپورٹ کی سہولت دستیاب ہے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے بتایا کہ اس پاسپورٹ سیوا کیندرا کے قیام سے شہر کے عوام بالخصوص پرانے شہر میں مقیم افراد کو پاسپورٹ درخواستوں کے اِدخال کیلئے کافی سہولت ہوگی۔ اس موقع پر چیف پاسپورٹ آفیسر کے جے سرینواسا نے کہا کہ ایم جی بی ایس میٹرو پی ایس میں روزانہ 1,000 سے زائد پاسپورٹ درخواستوں کے ادخال کی گنجائش ہے اور مستقبل میں پاسپورٹ اپوائنٹمنٹ سلاٹ میں اضافہ کیا جائے گا۔ اسی طرح سائبرآباد کے علاقہ رائے درگ میں بھی عصری پاسپورٹ سیوا کیندرا واقع سیری بلڈنگ اولڈ ممبئی روڈ کا افتتاح عمل میں لایا گیا۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو کے ہاتھوں یہ پاسپورٹ سیوا کیندرا کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہر میں قائم کئے گئے پاسپورٹ سیوا کیندرا جو عصری ٹیکنالوجی سے لیس ہیں اور بڑے پیمانے پر قائم کئے گئے ہیں، اس کی مدد سے عوام بالخصوص نوجوانوں جو بیرون ممالک روزگار کے حصول اور اعلیٰ تعلیم کے مقصد سے سفر کرنا چاہتے ہیں، کیلئے یہ سہولت دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جاری کئے جانے والے پاسپورٹ جو ای پاسپورٹ ٹیکنالوجی جس میں سم موجود ہے، سے سفر میں مزید آسانی ہوگی۔ سابق میں پاسپورٹ داخل کرنے میں عوام کو پیش آنے والی دشواریوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو لمبی قطاروں میں کھڑے رہ کر ٹوکن حاصل کرکے پاسپورٹ داخل کرنا پڑتا تھا اور 60 دن کی مدت کے بعد پاسپورٹ حاصل ہوتا تھا لیکن ااب تلنگانہ پولیس کی جانب سے اندرون 2 یوم پاسپورٹ ویریفکیشن کے بعد ایک ہفتہ کے اندر پاسپورٹ دیا جارہا ہے۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ چیوڑلہ کونڈا وشویشور ریڈی، رکن قانون ساز کونسل پٹنم مہیندر ریڈی کے علاوہ شیرلنگم پلی کے رکن اسمبلی اَرکے پڑی گاندھی اور دیگر بھی موجود تھے۔ ب