حیدرآباد۔ 24؍اگست۔ ( پریس نوٹ) ۔ مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کو نیشنل ہیپی نیس یونیکورن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ہارٹ فل نیس ایجوکیشن ٹرسٹ اور آل انڈیا کونسل آف ٹکنیکل ایجوکیشن (AICTE) کے باہمی اشتراک سے یہ ایوارڈ ہارٹ فل نیس ہیڈ کوارٹر کنہاشانتی وانم میں اتوار کو پیش کئے گئے۔ 10ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی جبکہ 150ممالک سے لاکھوں افراد نے زوم کے ذریعہ اس فنکشن کا مشاہدہ کیا۔ ہندوستان کے بہترین اور خوشحال اداروں کو قومی سطح پر یہ ایوارڈ پیش کئے گئے۔ مفخم جاہ کالج کے لئے یہ ایوارڈ ظفر جاوید نے حاصل کیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی ہندوستان کے اقلیتی اداروں میں معیار تعلیم، انفراسٹرکچر، اکیڈیمک فیکلٹی، نتائج، ڈسپلن کے لئے سرفہرست ہے۔ مختلف نیشنل میگزینس کی جانب سے نیشنل سروے میں ایم جے کالج کو ہندوستان کے سینکڑوں تعلیمی اداروں میں ٹاپ 50 میں شامل رکھا گیا ہے۔AICTE اور ہارٹ فل نیس ایجوکیشن ٹرسٹ کے ایوارڈ فنکشن کی کے کویتا ایم ایل سی نے صدارت کی اور اپنی تقریر میں تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولتوں سے واقف کروایا۔ انہوں نے عوام کی آرزوئوں کی تکمیل اور فی کس آمدنی کی شرح میں اضافہ کے لئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر انیل سہشرا بوڈے چیرمین AICTE نے کہا کہ ڈیجیٹل یلغار نے طلبہ کی زندگی کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے NEP کی جانب سے your one life app کو ہندوستان کی اکیڈیمکس کے لئے منظوری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ App دراصل ڈیجیٹل یلغار کا توڑ ہے‘ جو طلبہ کی ذہنی پیمائش، ان کے رجحان اور ان کی خوشی کے پیمانے کی نگرانی کرتا ہے۔