ایم سی سی نے 4 روزہ ٹسٹ کی مخالفت کردی

   

Ferty9 Clinic

لندن۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایم سی سی نے بھی 4 روزہ ٹسٹ تجویز کو مکمل طور پر مسترد کردیا۔ کرکٹ قوانین کے سرپرست کلب نے کہا ہے کہ سینئر طرزکو 5 روزہ فارمیٹ میں ہی کھیلتے رہنا چاہیے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے 2023 سے شروع ہونے والے اگلے دوارنیے میں 4 روزہ ٹسٹ کو لازمی قرار دینے کی تجویز سامنے آئی ہے اور اس کا مارچ میں کرکٹ کمیٹی جائزہ لے گی تاہم دنیا بھر کے موجودہ اور سابق کرکٹرز طویل فارمیٹ کے میچ کو مختصر کرنے کی مخالفت کرچکے اور اب کرکٹ قوانین کے سرپرست کلب ایم سی سی نے بھی اس تجویز کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیاکہ ہم نے ٹسٹ کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے حالیہ کچھ عرصے میں جاری بحث کا نوٹس لیا ہے۔ ہم آئی سی سی کی 2023 سے ٹسٹ چمپئن شپ میں موجودہ 5 کے بجائے 4 روزہ میچ شامل کرنے کی خواہش سے بھی آگاہ ہیں۔ حال ہی میں ایم سی سی کرکٹ کمیٹی اورورلڈ کرکٹ کمیٹی نے بھی اس مسئلہ کا جائزہ لیا اور انھیں 4 روزہ ٹسٹ کے کچھ فوائد بھی دکھائی دیے لیکن دونوں کمیٹیز اس بات پر یقین رکھتی ہیں کہ ٹسٹ کرکٹ کو موجودہ 5 روزہ فارمیٹ میں ہی آگے بڑھنا چاہیے۔ یاد رہے کہ ٹسٹ کرکٹ 5 روزہ فارمیٹ میں 1979 سے کھیلی جا رہی ہے، اس دوران تاریخ کے کچھ انتہائی بہترین مقابلوں کا اختتام آخری دن ہوا۔ آئی سی سی نے 2017 میں ہی 4 روزہ ٹسٹ کا اعلان کردیا تھا جب جنوبی افریقہ نے زمبابوے کی میزبانی کی۔
لکمل کی ٹسٹ ٹیم میں واپسی
کولمبو ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی سلیکٹرز نے 19 جنوری کو زمبابوے کیخلاف شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کیلئے سرنگا لکمل کو 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے تاہم کوسال پریرا خارج کردیئے گئے۔