لندن ۔19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی ٹیم فروری 2020 میں پاکستان کا دورہ کرے گی، کلب نے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا ہے کہ ایم سی سی کی دورہ پاکستان پر رضامندی ہمارے اس مؤقف کی تائید ہے کہ پاکستان کرکٹ کی سرگرمیوں کے لیے ایک پْرامن اور محفوظ ملک ہے۔ صدر ایم سی سی کمار سنگاکارا نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے پی سی بی سے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق دورہ پاکستان کے دوران ایم سی سی کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچز ایچی سن کالج لاہور میں کھیلے گی۔ ٹیم کی قیادت صدر ایم سی سی کمار سنگا کارا کریں گے۔ گائے لاوینڈر ٹیم منیجر جبکہ اجمل شہزاد کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کا یہ 46 برس بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل ایم سی سی کرکٹ ٹیم 1973میں پاکستان آئی تھی۔ ٹیم کے دورہ پاکستان کا فیصلہ ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ دورے کا مقصد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی میں معاونت کرنا ہے۔ 2009 کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم پہلی بار گھریلو ٹسٹ سیریز اپنے ملک میں کھیل رہی ہے۔ آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ میں شامل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان رواں سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا جبکہ دوسرا میچ کراچی میں شروع ہوا ہے۔