اتم کمار ریڈی اور دیگر قائدین کا خراج،پرینکا گاندھی کو صدر بنانے ہنمنت راؤ کی تجویز
حیدرآباد۔30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے سابق وزیر مکیش گوڑ کو خراج پیش کیا اور کہا کہ ان کا دیہانت کانگریس پارٹی کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مکیش گوڑ کی موت سے ہم نے کانگریس خاندان کے ایک رکن کو کھو دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ان کے خاندان کے ساتھ رہے گی۔ صدرپردیش کانگریس نے کہا کہ مکیش گوڑ نے این ایس یو آئی سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کرتے ہوئے پارٹی اور حکومت میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کے استحکام میں ان کا اہم رول رہا ۔ سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا نے کہا کہ مکیش گوڑ ہمیشہ عوامی مسائل کی یکسوئی پر توجہ مرکوز کرتے تھے ۔ کانگریس پارٹی میں بی سی طبقات کی نمائندگی میں اضافہ کے لئے مساعی کی تھی۔ ورنگل میں بی سی گرجنا کے اہتمام میں مکیش گوڑ کا اہم رول رہا ۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے مکیش گوڑ کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مکیش گوڑ کی سیاسی ترقی میں کافی مدد کی تھی۔ کارپوریٹر سے ریاستی وزیر تک مکیش نے ترقی کے مناظر طئے کئے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سیاست میں جئے پال ریڈی اور ریاستی سیاست میں مکیش گوڑ کا دیہانت کانگریس پارٹی کیلئے عظیم نقصان ہے۔ شہر کی سیاست پر مکیش گوڑ کی مضبوط گرفت تھی، ایسے قائد کا گزر جانا پارٹی کے لئے نقصان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی خاندان کے علاوہ کسی اور کو عوام پارٹی کی صدارت کے لئے قبول نہیں کریں گے۔ اگر راہول گاندھی تیار نہ ہوں تو پرینکا گاندھی کو پارٹی کی صدارت سونپی جائے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ پارٹی کی صدارت پر غیر یقینی صورتحال کے سبب اپوزیشن جماعتوں کو کانگریس پر تنقید کا موقع مل رہا ہے ۔ پارٹی کے کیڈر کے حوصلے بلند کرنے کیلئے راہول گاندھی کا صدارت پر برقرار رہنا ضروری ہے۔