نئی دہلی: دہشت گردی کی فنڈنگ کیس کے مبینہ ملزم اور بارہمولہ سے رکن پارلیمنٹ انجینئررشید نے پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں ایک بار پھر عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ عرضی پر سماعت کے بعد عدالت نے این آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس سے جواب طلب کیا ہے۔ عدالت اس معاملے کی اگلی سماعت 27 نومبر کو کرے گی۔ انجینئررشید نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے عبوری ضمانت کی درخواست دی ہے۔ اس سے قبل انجینئررشید کو جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں مہم چلانے کیلئے عبوری ضمانت دی گئی تھی۔لیکن عدالت نے عبوری ضمانت کی مدت میں مزید توسیع کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد انجینئررشید نے تہاڑ جیل میں خودسپردگی کر دی۔انجینئررشید کی جانب سے دائر ریگولر ضمانت کی درخواست زیر التوا ہے۔ انجینئررشیدنے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ کو بارہمولہ سیٹ سے شکست دی تھی۔ انجینئررشید کو شیخ عبدالرشید کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ انجینئررشید 2019 سے جیل میں ہے جب اسے این آئی اے نے 2017 میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کے معاملے میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت گرفتار کیا تھا۔