ایم پی نظام آباد ڈی اروند کے خلاف بی جے پی قائدین کا احتجاج

   

بی جے پی دفتر کے روبرو مظاہرہ، منڈل صدور کے تقرر میں ناانصافیوں کی شکایت
حیدرآباد: 31 جولائی (سیاست نیوز) نظام آباد کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کے خلاف مقامی قائدین کی ناراضگی میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ نظام آباد ضلع میں منڈل سطح کے صدور کے انتخاب میں ناانصافی کے خلاف مقامی بی جے پی قائدین نے حیدرآباد میں احتجاج کے بعد آج نظام آباد ضلع میں اروند کے خلاف احتجاج منظم کیا۔ بودھن، نظام آباد، بالکنڈہ اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کی کثیر تعداد نے بی جے پی بچائو کے پلے کارڈس کے ذریعہ احتجاج منظم کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پارٹی منڈل صدور کے انتخاب میں حقیقی کارکنوں کو نظرانداز کردیا گیا۔ نظام آباد کے بی جے پی آفس کے روبرو منعقدہ احتجاج میں رکن پارلیمنٹ کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ نظام آباد میں بی جے پی کو بچانے کے نعرے کے تحت پلے کارڈس تیار کئے گئے تھے۔ احتجاجیوں نے پارٹی ہائی کمان سے مطالبہ کیا کہ ڈی اروند کے خلاف کارروائی کرے۔ یہ دوسرا موقع ہے جب نظام آباد کے 13 منڈلوں سے تعلق رکھنے والے قائدین نے رکن پارلیمنٹ کے خلاف احتجاج کیا۔ گزشتہ دنوں حیدرآباد میں بی جے پی ہیڈ کوارٹر میں دھرنا منظم کیا گیا اور ریاستی صدر کشن ریڈی سے نمائندگی کی گئی۔ واضح رہے کہ 24 جولائی کو ڈی اروند نے بی جے پی کے منڈل صدور کے ناموں کی فہرست ٹوئٹر پر جاری کی۔ نہ صرف نظام آباد بلکہ دیگر اضلاع میں بھی بی جے پی کے داخلی اختلافات شدت اختیار کررہے ہیں۔