ایم پی وینکٹ ریڈی کی متنازعہ آڈیو سے سیاسی حلقوں میں سنسنی

   

ہائی کمان سے رجوع ہوں گے : سدھاکر ریڈی

کانگریس نائب صدر سدھاکر ریڈی کو جان سے مارنے کی دھمکی، ریکارڈنگ سوشل میڈیا پر وائرل

نلگنڈہ ۔ 5 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس سینئر قائد و رکن پارلیمنٹ بھونگیر ایک مرتبہ پھر آڈیو ریکارڈنگ کے منظر عام پر آنے سے نئے تنازعہ میں آگئے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ بھونگیر کے وینکٹ ریڈی کا ایک آڈیو ریکارڈنگ منظر عام پر آیا ہے جس میں انہوں نے پردیش کانگریس نائب صدر و تلنگانہ جدوجہد میں سرگرم حصہ لینے والے نکریکل حلقہ کے ڈاکٹر چیرکو سدھاکر کے فرزند ڈاکٹر سوہاس کو فون کرکے ان کے والد کو جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے ۔ یہ آڈیو سوشل میڈیا میں وائرل ہوئی۔ جس میں وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ڈاکٹر سدھاکر اپنی حرکتوں سے باز آجائیں، ورنہ ان کے زائد از ایک لاکھ حامی ان کو جان سے مار ڈالیں گے۔ یہ حامی سدھاکر کو تلاش کررہے ہیں۔ میں ان کو قابو میں نہیں رکھ سکتا اور کہا کہ ڈاکٹر سدھاکر آج تک بلدی حلقہ سے بھی منتخب نہیں ہوئے۔ اس کے باوجود ان کی جانب سے مجھ جیسے قائد پر تنقید سے وہ خود اور ان کے حامی برداشت نہیں کریں گے۔ رکن پارلیمنٹ نے ڈاکٹر چیر کو سدھاکر کو جان سے مارنے کے علاوہ ان کے فرزند کے دواخانہ کو بھی نقصان پہنچانے کا انتباہ دیا۔ واضح رہیکہ ڈاکٹر سدھاکر پر جدوجہد تلنگانہ میں پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار کرنے پر وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے اظہار یگانگت کی تھی۔ آڈیو میں انتہائی غیر مہذب الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس کے وائرل ہونے پر ڈاکٹر سدھاکر نے میڈیا کو بتایا کہ بحیثیت رکن پارلیمان وینکٹ ریڈی کا اس طرح کا بیان ناقابل برداشت ہے۔ اس کو پارٹی ہائی کمان سے رجوع کیا جائے گا۔ میں نے ایک خانگی پیانل کو انٹرویو میں پارٹی کے استحکام سے متعلق حکمت عملی بیان کی، کسی پر کوئی تنقید نہیں کی۔ وینکٹ ریڈی کونسی حالت میں اس طرح کی زبان استعمال کی یہ سمجھ سے باہر ہے۔ واضح رہیکہ رکن پارلیمنٹ بھونگیر سابق میں بھی منوگوڑ ضمنی چناؤ کے موقع پر بی جے پی امیدوار اور ان کے بھائی سے متعلق بھی آڈیو ریکارڈنگ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے تنازعہ کا شکار ہوگئے تھے۔ پھر ایک مرتبہ وہ سرخیوں میں آنے پر سیاسی حلقوں میں سنسنی پیدا ہوگئی ہے۔