حیدرآباد: آندھراپردیش اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی اداروں کے انتخابات کے انعقاد کو موخر کردیا ہے ۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر این رمیش کمار نے واضح کردیا کہ ان کی میعاد 31 مارچ کو ختم ہورہی ہے ، لہذا اس وقت تک انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ نئے اسٹیٹ الیکشن کمشنر ان اداروں کے انتخابات کرائیں گے۔ رمیش کمار نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی اداروں کے انتخابات بعض غیر متوقع قانونی رکاوٹوں کے سبب منعقد نہیں کر پائے گا۔ انتخابات کیلئے 4 ہفتے کی تیاریاں ضروری ہیں اور ضابطہ اخلاق کا نفاذ کیا جانا ہے۔ رمیش کمار نے کہا کہ پولنگ اسٹاف کے کورونا سے تحفظ کی اہمیت کے پیش نظر فوری انتحابات ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے الیکشن کمشنر اس جانب توجہ دیتے ہوئے اپنی ذمہ داری کی تکمیل کریں گے ۔ واضح رہے کہ رمیش کمار کے تقرر کے بعد سے وہ مسلسل تنازعات میں گھرے رہے۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی حکومت سے ٹکراؤ کے نتیجہ میں معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچا اور عدالتی احکامات کی روشنی میں اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے مجالس مقامی کے انتخابات منعقد کرائے تھے۔